QR CodeQR Code

جاپان، ٹوکیو آمد پر امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف عوامی مظاہرے

27 May 2019 01:02

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر عوام نے امریکی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔


اسلام ٹائمز۔ جاپانی ٹیلی ویژن سروس "آرٹی" کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاپان کے اپنے دورے کے دوران جاپانی دارالحکومت ٹوکیو پہنچنے پر وہاں کی عوام نے ان کا استقبال امریکہ مخالف احتجاجی مظاہروں کے ساتھ کیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی سیاست کے خلاف ہزاروں جاپانی شہریوں نے ہاتھوں میں امریکی سیاست کی مذمت پر مبنی پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ٹوکیو میں ہونے والا یہ عوامی احتجاجی مظاہرہ انتہائی سکیورٹی میں انجام پایا، جس کے دوران پولیس کے عہدیدار مظاہرین کی رہنمائی کرتے بھی دیکھے گئے، جبکہ جاپانی مظاہرین سڑکوں پر مارچ کے دوران "ٹرمپ نسل پرست ہے"، "ٹرمپ موت کا تاجر ہے"، "اوکیناوا میں امریکی فوجی بیس ختم کرو" اور "انسانی حقوق سب کے لئے" جیسے نعرے بلند کر رہے تھے جبکہ انہوں نے ان نعروں پر مبنی پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

جاپانی مظاہرین نے اپنے امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے کے دوران جاپانی شہر "اوکیناوا" سے امریکی فوجی چھاؤنی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے "انسانی حقوق" کے بارے امریکیوں کی دوغلی پالیسی پر بھی شدید احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے دوران امریکی سفارت خانے کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو ٹوکیو کی پولیس نے بند کر رکھا تھا جبکہ مظاہرین کو ان رستوں کے نزدیک بھی جانے نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ جاپانی شہر "اوکیناوا" میں واقع امریکی فوجی بیس میں پہلے سے موجود فوجی دستوں اور فوجی سازوسامان کے علاوہ 2017ء کے اپریل میں شمالی کوریا پر حملہ آور ہونے کے لئے دسیوں نئے ہیلی کاپٹرز اور جنگی و جاسوسی ہوائی جہازوں کا اضافہ بھی کر دیا گیا تھا جبکہ امریکہ اور جاپان کی افواج بھی ہر کچھ مدت کے بعد مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد کرتی رہتی ہیں۔

اس فوجی بیس میں وقتاً فوقتاً امریکی ہوائی جہازوں اور لڑاکا طیاروں کو پیش آنے والے حادثات اور جاپانی عوام کے ساتھ امریکی فوجیوں کا نامناسب رویہ اس شہر کے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کا سبب بنتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اوکیناوا کے شہری ایک عرصے سے اس امریکی بیس کیمپ کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ "ٹرمپ" اور "آبہ" امریکہ کے چین کے ساتھ تجارتی جنگ اور پیشرفتہ ٹیکنالوجی کے جھگڑوں پر بات چیت کریں گے، جبکہ شمالی کوریا اور اس کے ساتھ بندگلی تک پہنچ جانے والے مذاکرات پر بات چیت بھی دونوں سربراہوں کی ملاقات کے پروگرام کا حصہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 796443

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796443/جاپان-ٹوکیو-آمد-پر-امریکی-صدر-ٹرمپ-کیخلاف-عوامی-مظاہرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org