QR CodeQR Code

ڈویژنل کمشنر لاڑکانہ کی یوم علی (ع) کے موقع پر برآمد جلوسوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

27 May 2019 04:41

اجلاس کے دوران کمشنر محمد سلیم رضا کھوڑو نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور امام بارگاہوں سمیت شہر اور دیہات کے علاقوں میں صفائی اور لائیٹنگ کے انتظامات کئے جائیں، شہر میں بجلی کے تاروں کی مرمت کرکے انہیں اوپر کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈویژنل کمشنر لاڑکانہ محمد سلیم رضا کھوڑو نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت امام علی (ع) کے موقع پر برآمد جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے کاموں کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر مکمل عمل درآمد کیا جائے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے۔ اجلاس میں اے ڈی آئی جی پولیس، ایڈیشنل کمشنر ٹو رانا عدیل، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق، ایس ایس پی لاڑکانہ، رینجرز، میونسپل، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمشنر نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور امام بارگاہوں سمیت شہر اور دیہات کے علاقوں میں صفائی اور لائیٹنگ کے انتظامات کئے جائیں، شہر میں بجلی کے تاروں کی مرمت کرکے انہیں اوپر کیا جائے۔ کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈاکٹروں، عملے کی حاضری، ایمبولینس اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ کنٹرول روم کو بھی فعال بنایا جائے۔ اجلاس میں اے ڈی آئی جی نے لاڑکانہ ڈویزن کے اندر انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے پر بھرپور تعاون کی یقینی دہانی بھی کروائی۔


خبر کا کوڈ: 796450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796450/ڈویژنل-کمشنر-لاڑکانہ-کی-یوم-علی-ع-کے-موقع-پر-برآمد-جلوسوں-سکیورٹی-فول-پروف-بنانے-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org