0
Monday 27 May 2019 16:29

دفعہ 35 اے ’’آئینی غلطی‘‘ اور دفعہ 370 ’’نفرت کی دیوار‘‘ ہے، رویندر رینہ

دفعہ 35 اے ’’آئینی غلطی‘‘ اور دفعہ 370 ’’نفرت کی دیوار‘‘ ہے، رویندر رینہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی بھارت آئین کی دفعہ 35 اے اور دفعہ 370 کو بالترتیب ’’آئینی غلطی‘‘ اور ’’نفرت کی دیوار‘‘ قرار دیتے ہوئے ان دفعات کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ این ڈی اے حکومت نے وادی کشمیر میں آپریشن آل آوٹ شروع کیا اور قابض فورسز کو کھلی چھوٹ دی۔ جس کے نتیجے میں نریندر مودی لوگوں کے چہیتے لیڈر بن گئے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے نے جموں و کشمیر کے ساتھ بہت زیادہ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی وجہ سے کشمیر میں علیحدگی پسندی کی سوچ پیدا ہوئی ہے جس نے جموں و کشمیر کا بہت بڑا نقصان کیا ہے۔
 
رویندر رینہ نے کہا کہ دفعہ 370 آئین کے اندر ایک عارضی دفعہ ہے، یہ کبھی ہمارا مستقل قانون نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 35 اے ایک آئینی غلطی ہے اور دفعہ 35 اے کو چوری چھپے قانون کی کتاب میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دفعہ 370 نفرت کی دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دفعات کو ختم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان دفعات کو فی الفور ختم کیا جائے۔ رویندر رینہ نے کہا کہ کشمیر میں آپریشن آل آوٹ اور فوج کو کھلی چھوٹ دینے سے متعلق پالیسیوں کی وجہ سے ملک مضبوط ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 796496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش