QR CodeQR Code

عید کے بعد پارٹی قیادت جو فیصلہ کریگی وہ مہنگائی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے ہوگا، قائم علی شاہ

27 May 2019 21:35

رانی پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو نو ماہ گذر چکے ہیں، نو ماہ میں ہی عوام تبدیلی سرکار کی حکومت سے بیزار ہوچکا ہے، لاکھوں گھر بنانے کے وعدے خاک میں مل گئے ہیں، وفاق مالی طور پر غلط پالیسیوں کے باعث کمزور ہوچکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ عوام کو مہنگائی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے ہوگا، نو ماہ میں عوام تبدیلی سرکار کی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں۔ رانی پور میں درگاہ غوثیہ کے سجادہ نشین پیر سید غلام غوث المعروف بگن سائیں سے بھائی مرحوم سید بھورل شاہ جیلانی کی تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ غوثیہ سندھ کی اہم گدیوں میں سے ایک ہے، گدی کے اہم فرد کو بے رحمانہ قتل کیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، واقعے کی مذمت چھوٹا کام ہے سید بھورل شاہ جیلانی کے قتل میں ملوث ملزمان کو سزا ملنی چاہیئے۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ ملک میں ایٹمی طاقت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں گیارہ بڑی یونیورسٹیز دے کر تعلیم کے میدان میں سب سے آگے ہے، وفاقی حکومت کو نو ماہ گذر چکے ہیں، نو ماہ میں ہی عوام تبدیلی سرکار کی حکومت سے بیزار ہوچکا ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے، عیدالفطر کے بعد پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ عوام کیلئے مہنگائی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں گھر بنانے کے وعدے خاک میں مل گئے ہیں، وفاق مالی طور پر غلط پالیسیوں کے باعث کمزور ہوچکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 796605

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796605/عید-کے-بعد-پارٹی-قیادت-جو-فیصلہ-کریگی-وہ-مہنگائی-سے-چھٹکارہ-حاصل-کرنے-کیلئے-ہوگا-قائم-علی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org