QR CodeQR Code

سندھ کی عوام کے لئے ایڈز سے بڑا وائرس آصف زرداری ہے، خرم شیر زمان

27 May 2019 21:43

اپنے بیان میں صدر پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ بلاول چند سو لوگوں کو لے کر اسلام آباد مارچ کرنے کے بجائے سندھ کے اداروں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں، پاکستان کی عوام وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کرتی ہے، حکومت مخالف تحریکیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری تین ہسپتالوں کا رونا رونے کے بجائے سندھ کے دیگر ہسپتالوں کی حالت کو بہتر کرنے پر غور کریں، پیپلز پارٹی کے 11 سالہ دور حکومت میں کوئی ادارہ کرپشن سے نہیں بچ سکا، سندھ کے ہر محکمے میں کرپشن کا راج ہے، محکمہ صحت کی غفلت اور وزیر صحت کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں رہنے والے ایچ آئی وی اور ایڈز کے علاج کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ایماندار قیادت نہیں آئے گی سندھ کے حالات کبھی بہتر نہیں ہو سکتے، پیپلز پارٹی نے بھٹو کی پارٹی کو زرداری لیگ بنا دیا ہے، ذولفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کی پارٹی کو آج بلاوجہ بھٹو چلا رہے ہیں۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ اس وقت سندھ کی عوام کے لئے ایڈز سے بڑا وائرس آصف زرداری ہے، جو پیسہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام سے لوٹا ہے وہ سندھ کی ترقی پر خرچ کیا جاتا تو سندھ آج محرومیوں کا شکار نہ ہوتا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ بلاول چند سو لوگوں کو لے کر اسلام آباد مارچ کرنے کے بجائے سندھ کے اداروں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں، پاکستان کی عوام وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کرتی ہے، حکومت مخالف تحریکیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی، بلاول زرداری احتجاجی تحریکوں کے پیچھے وقت برباد کرنے کے بجائے سندھ کی تباہ حالی پر توجہ دیں۔


خبر کا کوڈ: 796606

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796606/سندھ-کی-عوام-کے-لئے-ایڈز-سے-بڑا-وائرس-آصف-زرداری-ہے-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org