0
Monday 27 May 2019 23:14

کراچی میں یوم علیؑ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر

کراچی میں یوم علیؑ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں یوم شہادت امیرالمومنین حضرت امام علیؑ ابن ابی طالب علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم شہادت امام علیؑ کی مرکزی مجلس 10 بجے نشتر پارک میں برپا ہوئی، جس سے علامہ رضا حیدر رضوی نے خطاب کیا، جس کے بعد نشتر پارک سے ہی جلوس برآمد کیا گیا۔ اس بار نمائش چورنگی پر تعمیراتی کام کی وجہ سے روٹ میں کچھ تبدیلی کی گئی تھی۔ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پہنچا، جہاں باجماعت نماز ظہرین دوران مرکزی جلوس امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام دو بجے مزار قائد کے VIP گیٹ کے سامنے علامہ احمد اقبال رضوی کی زیر اقتدا ادا کی گئی۔

نماز ظہرین کے بعد آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام عزاداران امیرالمومنینؑ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس پیپلز سیکریٹریٹ سے لائنز ایریا کوریڈور تھری سے ایمپریس مارکیٹ پہنچا اور پھر وہاں سے اپنے مقررہ راستوں صدر ریگل چوک، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، سٹی کورٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ جہاں کئی مقامات پر روزہ دار عزاداران امام علیؑ کیلئے باجماعت نماز و افطار کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف پلان مرتب کیا گیا تھا، پولیس و رینجرز کے ہزاروں اہلکار اور افسران نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی کی گئی۔ جلوس میں داخلے کیلئے مخصوص راستے بنائے گئے تھے، شرکاء کو جامع تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 796620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب