QR CodeQR Code

حضرت علی (ع) کی زندگی مسلمانان عالم کیلئے مشعل راہ ہے، میرواعظ عمر فاروق

28 May 2019 14:14

سرینگر میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ حضرت علی (ع) نے اپنی پوری زندگی اسلام اور پیغمبر اسلام (ص) کے دفاع اور نصرت میں صرف کی۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقعہ پر اس انسان کامل کا پوری زندگی کو مسلمانان عالم کے لئے مشعل راہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے امام علی (ع) کی مجاہدانہ اور سرفروشانہ حیات طیبہ کے ہر پہلو کو مسلمانوں اور پوری انسانیت کیلئے لازوال سرچشمہ ہدایت قرار دیا ہے۔ رمضان المبارک کے عشرہ نجات کے دوران وعظ و تبلیغ کی مجالس کے سلسلے میں آستانہ عالیہ حضرت پیر دستگیر صاحب سرائے بالا امیرا کدل میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر نے کہا کہ حضرت علی (ع) نے اپنی پوری زندگی اسلام اور پیغمبر اسلام (ص) کے دفاع اور نصرت میں صرف کی اور اس عظیم ہستی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی ولادت بھی اللہ کے گھر خانہ کعبہ میں ہوئی اور ان کی شہادت بھی اللہ کے گھر مسجد کوفہ میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدس ہستی کی پوری زندگی امت مسلمہ کے لئے قیامت تک رہنمائی اور رہبری کا فریضہ انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے حضرت علی (ع) کی اسلام اور انسانیت کے تئیں گرانقدر خدمات، ایثار و قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تادم شہادت اسلام کے ہر مشکل اور آڑے وقت میں شجاعت اور استقامت کا وہ بے مثال مظاہرہ کیا، جس کو تاریخ اسلام میں ایک زریں باب کی حیثیت حاصل ہے۔


خبر کا کوڈ: 796669

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796669/حضرت-علی-ع-کی-زندگی-مسلمانان-عالم-کیلئے-مشعل-راہ-ہے-میرواعظ-عمر-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org