QR CodeQR Code

اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ مورن اچانک اپنے عہدے سے مستعفی

28 May 2019 16:56

پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا، اس دوران رچرڈ مورن نے اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کرلیا۔


اسلام ٹائمز۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کیساتھ اختلافات کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ مورن نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ رچرڈ مورن کے استعفے کا نوٹیفکیشن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردیا گیا۔ 20 مئی کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں رچرڈ مورن کو ملازمت کے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر شوکار نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ملازم ہوتے ہوئے اپنی ذاتی کمپنی بھی چلا رہے تھے۔ کینیڈا کی شہر مونٹریال میں واقع کمپنی آرچر ویلتھ منیجمنٹ جو خود کو آزاد مالیاتی ایڈوائزر ظاہر کرتی ہے، جبکہ رچرڈ مورن اس کمپنی کے سی ای او اور بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔ پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کو دیے گئے جواب میں رچرڈ مورن نے کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عہدہ سنبھالتے ہوئے آرچر ویلتھ منیجمنٹ میں اپنی دلچسپی پہلے ہی ظاہر کردی تھی۔ پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا، اس دوران رچرڈ مورن نے اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کرلیا۔ رچرڈ مورن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور بورڈ آف ڈائریکٹر نے منیجنگ ڈائریکٹر سے متعلق خط سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو ارسال کیا تھا۔ خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ رچرڈ مورن بیرون ملک ایک کمپنی بھی چلارہے تھے۔ رچرڈ مورن نے اسٹاک ایکسچینج کے پہلے غیر ملکی سی ای او کے طور پر جنوری 2018ء میں عہدے کا چارج سنبھالا تھا، جبکہ وہ بطور مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پی ایس ایکس بھی کام کر رہے تھے۔


خبر کا کوڈ: 796744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796744/اسٹاک-ایکسچینج-کے-چیف-ایگزیکٹو-آفیسر-رچرڈ-مورن-اچانک-اپنے-عہدے-سے-مستعفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org