0
Tuesday 28 May 2019 17:09

افغان طالبان کے حملوں میں 14 سیکورٹی اہلکار ہلاک

افغان طالبان کے حملوں میں 14 سیکورٹی اہلکار ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے 2 مختلف علاقوں میں حملے کرکے 14 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اے پی کے حوالے سے بتایا گیا کہ طالبان نے ملک کے مغربی حصے میں حملہ کرکے 10 افغان فوجیوں جبکہ شمالی حصے میں ایک کارروائی کے دوران 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ صوبائی کونسلر شاہ محمد کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبہ فراح میں افغان فوجی اپنی تنخواہیں وصول کرنے کے بعد بیس پر واپس جارہے تھے جبکہ یہ اہلکار بکتر بند گاڑی ہموی میں سوار تھے اور ضلع بلخ سے گزر رہے تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ہموی میں موجود کوئی بھی فوجی محفوظ نہ رہ سکا۔ علاوہ ازیں افغانستان کے شمالی علاقے سری پل کی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان ذبیح اللہ امانی کا کہنا تھا کہ حملہ صوبائی دارالحکومت کے باہر چیک پوسٹ پر کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور فورسز کے درمیان کئی گھنٹوں تک مقابلہ جاری رہا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حملے میں 15 طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ بعد ازاں طالبان نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں صوبہ فراح میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تاہم سری پل میں ہونے والے حملے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
خبر کا کوڈ : 796747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش