QR CodeQR Code

مسلم حکمران بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، متحدہ علماء محاذ

28 May 2019 18:10

کراچی میں منعقدہ القدس سیمینار میں مقررین نے امام خمینی (رہ) کی جانب سے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منائے جانے کے دور اندیشانہ اعلان کو جرأت مندانہ اور قابل تقلید و ستائش قرار دیا اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی مسلمانوں اور دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے القدس سیمینار کی تیسری نشست میں شریک مختلف مکاتب فکر کے مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنے والے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے، یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے، پاکستان اسلام کے نام پر لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا جو واحد اسلامی نظریاتی اور ایٹمی مملکت ہے جس میں بیت المقدس پر قابض اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا، اسرائیل عالم اسلام کیلئے ناسور ہے، مسلم حکمراں قبلہ اول کی فتح یابی کیلئے جذبہ فاروقی، حیدری، حسینی و ایوبی کو بیدار کریں اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں۔ سیمینار مولانا جعفرالحسن تھانوی کی زیرسرپرستی اور جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو کی صدارت اور بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی میں مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقد ہوا۔ مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرائی اور جمعۃ الوداع کو یوم القدس ایمانی غیرت و جوش و جذبے کے ساتھ منائے جانے کا اعلان کیا۔ مقررین نے کہا کہ بیت المقدس کسی ایک ملک و مسلک کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی غیرت ایمانی کا مشترکہ دینی مسئلہ اور کھلا چیلنج ہے، بیت المقدس کیخلاف حالیہ تمام تر سازشوں کیخلاف مسلم امہ متحد و بیدار ہو جائے، مسلمان فلسطینی مجاہدین کی بھرپور مدد کریں، فلسطینی مسلمان بیت المقدس کی حفاظت و بازیابی کیلئے پورے عالم اسلام کی جانب سے عظیم قربانیاں دے کر کفارہ ادا کررہے ہیں، جس کی پاداش میں وہ اسرائیلی صیہونی خونی بربریت، جارحیت و مظالم کا شکار ہیں۔

 مقررین نے امام خمینی (رہ) کی جانب سے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منائے جانے کے دور اندیشانہ اعلان کو جرأت مندانہ اور قابل تقلید و ستائش قرار دیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے ہاتھوں میں ہاتھ بلند کرکے اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی مسلمانوں اور دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ سیمینار سے مہمان خصوصی جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا نصیر الدین سواتی، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید عقیل انجم، فلسطین فاؤنڈیشن کے ابومریم صابر کربلائی، محاذ کے مرکزی نائب صدر علامہ علی کرار نقوی، مرکزی رہنما علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ شوکت مغل، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ وحید نعیمی نورانی، علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی، مرکزی جمعیت اہل حدیث العالمی کے مرکزی رہنما علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، عالمی جمعیت آئمہ مساجد کے صدر علامہ روشن دین الرشیدی، مسلم لیگ ن کے محمد اسلم خٹک ایڈووکیٹ، علامہ عبدالستار توحیدی، علامہ غلام مصطفیٰ رحمانی، علامہ اختر محمدی، مفتی محمد بخاری و دیگر نے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 796762

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796762/مسلم-حکمران-بیت-المقدس-کی-آزادی-کیلئے-مشترکہ-اسلامی-فوج-تشکیل-دیں-متحدہ-علماء-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org