0
Tuesday 28 May 2019 23:08

قرآن مجید کتاب انقلاب و معاشرت ہے، محفل نزول قرآن

قرآن مجید کتاب انقلاب و معاشرت ہے، محفل نزول قرآن
اسلام ٹائمز۔ امامیہ قرات کالج کے زیراہتمام محفل نزول قرآن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ قرآن مجید کتاب انقلاب و معاشرت ہے جو قوموں کی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں تبدیلی لا سکتی ہے، کتاب الٰہی میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ وہ لوگ جو قرآن سے ہٹ کر زندگی بسر کر رہے ہیں بھٹکے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ قرآن کے ذریعے صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کرتا ہے، قرآن صرف مردوں کے ایصال ثواب کیلئے ہی نہیں، بلکہ یہ زندہ انسانوں کی کتاب ہے جو ہماری زندگیوں میں انقلاب پیدا کر سکتی ہے۔ قرآن سے روگردانی کے باعث امت مسلمہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے قرآن کو غلاف میں لپیٹنے کی بجائے، اپنی زندگی اور روز مرہ معاملات کا حصہ بنانا چاہیے۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے آخری نبی اور ان پر نازل ہونے والی کتاب ہدایت قرآن آخری الہامی کتاب ہے۔ تمام الہامی کتابیں قابل احترام مگر ان میں تحریف کے باعث امتیں تقسیم ہوئیں اور آج وہ اپنی اصلی حالت میں موجود نہیں، لیکن اللہ تعالی نے قرآن مجید کو کو کسی بھی تحریف سے پاک و منزہ رکھا ہے۔ چونکہ کلام الٰہی کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالی نے لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام امتوں کیلئے کتاب ہدایت قرآن صرف کتابی شکل میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں حفاظ کرام کے دلوں میں بھی محفوظ ہے۔ مسلمان قرآن کو مشعل راہ بنا کر دنیا کی عظیم قوم بن سکتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ کتاب الٰہی سے روگردانی کرکے ہم ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ ہماری بھلائی قرآن کی طرف پلٹنے میں ہے۔ الحمرا ہال میں منعقد ہونیوالی محفل نزول قرآن میں مہمان خصوصی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سعید الحسن شاہ، وزیر جنگلات محمد سبطین خان، ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر علی اکبر رضائی فرد، اہل حدیث رہنما پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور دیگر علما و اکابرین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عالمی شہرت کے قراء قاری مہدی فروعی، حافظ قاری سید مہدی، قاری محمد مرزا، قاری شافعی، قاری رفعت عباس، قادری لبیق بخاری، قاری احمد الہاشمی اور دیگر نے فن حسن قرات کا مظاہرہ بھی کیا۔ امامیہ قرات کالج کے زیراہتمام مقابلہ حسن قرات میں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات کے درمیان انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 796788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش