0
Wednesday 29 May 2019 10:24

بلاول کی آج نیب میں پیشی، آصف زرداری کی معذرت

بلاول کی آج نیب میں پیشی، آصف زرداری کی معذرت
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج نیب کے سامنے پیش ہو رہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے پیش ہونے سے معذرت کرلی۔ نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارک لین کمپنی کی انکوائری میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے جبکہ آصف زرداری کو سولر پراجیکٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں طلب کیا تھا۔ آصف زرداری نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے، اس لئے عید کے بعد کوئی بھی تاریخ دے دی جائے وہ پیش ہو جائیں گے۔ نیب کا موقف ہے کہ غیر قانونی ٹھیکے دینے سے قومی خزانے کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستے سیل کر دیے گئے۔ صرف سرکاری اور نجی ملازمین کو کارڈ دکھا کر آنے دیا جارہا ہے۔ راستوں کی بندش سے سرکاری ملازمین بھی میلوں سفر پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں۔ اس کے علاوہ نیب کے دفتر کے اطراف بھی جیالوں اور میڈیا کے نمائندوں کا داخلہ بند ہے۔ زرداری ہاؤس کے داخلی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے، موقع پر گرفتاریوں کے لیے پرزنر وین اور مخصوص گاڑیاں بھی موجود ہیں تاہم پولیس اہلکار جیالوں کو زرداری ہاؤس جانے سے روکنے میں ناکام ہوگئی۔

پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو روکنے کے حکومتی اقدام پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات گئے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، یہ نوٹی فکیشن خیبر پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لیے جاری کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 796830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش