0
Wednesday 29 May 2019 10:29

جاوید چوہدری چیئرمین نیب سے متعلق باتوں پر ڈٹ گئے، چیئرمین نیب کی پھر ترید

جاوید چوہدری چیئرمین نیب سے متعلق باتوں پر ڈٹ گئے، چیئرمین نیب کی پھر ترید
اسلام ٹائمز۔ معروف کالم نگار جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ وہ اپنے کالموں میں چیئرمین نیب سے متعلق بیان کی گئی بات پر قائم ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے چیئرمین نیب کی جانب سے کالم نگار اور سینئر تجزیہ کارجاوید چوہدری کو انٹرویو دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالم نگار جاوید چوہدری نے اپنے کالمز میں بعض شخصیات اور مقدمات کے بارے میں جو نتائج اخذ کئے تھے وہ درست اور حقائق پر مبنی نہیں تھے، کالم نگار نے اپنے کالم کے برعکس ایکسپریس ٹی وی پر اپنے ویڈیو بیپر میں خود بھی تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے ایک پارٹی کے سربراہ کی بیماری کے بارے میں چیئرمین نیب کے حوالے سے جو تاثر دیا وہ درست نہیں۔

نیب اعلامیے کے مطابق کالم نگار نے 16 مئی کو اپنے کالم میں اپنی ہی لکھی ہوئی تحریر سے خود ہی انحراف کیا جو اس بات کا ثبوت تھا کہ انہوں نے اپنے مذکورہ کالمز میں خود ساختہ باتوں کی بنیاد پر تحریر کی تھی جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، کالم نگار نے بھی ایکسپریس ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں 22 مئی کو شاہد خاقان عباسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ چیئرمین نیب نے ان کو کوئی انٹرویو نہیں دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب آئین اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کرنے پر یقین رکھتا ہے، نیب کی طرف سے دائر ریفرنس کے بارے میں فیصلہ کرنا صرف اور صرف عدالت مجاز کا اختیار ہے، معزز عدالتوں میں مبینہ طور پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا حالانکہ کالم نگار خود تسلیم کر چکے ہیں کہ چیئرمین نیب نے ان کو کوئی انٹرویو نہیں دیا۔

دوسری جانب کالم نگار اور سینئر تجزیہ کارجاوید چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے یہ چوتھی تردید ہے لیکن کسی بھی تردید میں نیب نے کسی حقائق کو چیلنج نہیں کیا، میں آج بھی اپنے الفاظ پر قائم ہوں اور کوئی بھی حقائق جو یہ سمجھتے ہیں کہ غلط کہا گیا ہے تو اس کی نشاندہی کریں میں جواب دینے کے لئے تیار ہوں۔ جاوید چوہدری نے کہا کہ چیئرمین نیب نے مجھے انٹرویو نہیں دیا تھا اور نا ہی میں نے ان کا انٹرویو لیا تھا لیکن میری ملاقات ان سے ہوئی تھی جو ایک گھنٹہ طویل تھی، انہوں نے خود مجھے بلوایا تھا اور اس ملاقات میں یہ ساری باتیں ہوئیں تھیں، کچھ باتیں انہوں نے آف دی ریکارڈ کہا تھا جو آف دی ریکارڈ باتیں ہیں وہ نہیں چھپیں اور نا ہی میں نے بیان کی ہیں لیکن یہ وہ ساری باتیں ہیں جو انہوں نے خود کہیں تھیں۔
خبر کا کوڈ : 796832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش