0
Wednesday 29 May 2019 20:38

نیب کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں پر بھی توجہ دے، ڈاکٹر فاروق ستار

نیب کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں پر بھی توجہ دے، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم تنظیمی بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نیب کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں پر بھی توجہ دے، کراچی و حیدرآباد کے میئرز وسائل کا رونا رونے کے بجائے ملنے والے وسائل کا جواب دیں، اگر حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنا چاہتی ہے تو صنعتی شہروں کراچی، حیدرآباد اور فیصل آباد کو انسانوں کے رہنے کے قابل بنایا جائے اور ان شہروں کو اس حال تک پہنچانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے، یہ تینوں شہر مل کر ملک کا جی ڈی پی دگنا کرسکتے ہیں۔ وہ مقامی ہال میں ایم کیو ایم تنظیمی بحالی کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کررہے تھے، سابق ایم این اے سید وسیم حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سینیٹر راحیلہ مگسی، ایم پی اے عبدالجبار خان، پی ٹی آئی رہنماء مستنصر باللہ، پاکستان سنی تحریک کے عابد قادری اوردیگر جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حیدرآباد کی چوڑی اور فیصل آباد کی ٹیکسٹائل اور کراچی کی صنعتوں کو پروان چڑھایا جائے تو سالانہ جی پی ڈی ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتا ہے، اس وقت ملک جس معاشی بحران کا شکار ہے، اس کا حل ایک ہی ہے جاگیرداروں، زمینداروں، وڈیروں کا ٹیکس عائد کئے جائیں اور اس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے تو سالانہ 200 سے 300 ارب روپے تک کی وصولی کی جاسکتی ہے، حیدرآباد کی ربڑی اور چوڑی کی صنعت کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تو اس سے ایکسپورٹ بھی بڑھ سکتی ہے اور ریوینیو بھی بڑھ سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کراچی اور حیدرآباد کے تاجروں کو سہولت دے تو کراچی میں نیا ایئرپورٹ اور حیدرآباد میں جدید سہولتوں سے آراستہ ایئرپورٹ بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حیدرآباد آئیں اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں ہم انکا بے مثال استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں پر بھی توجہ دے، حیدرآباد اور کراچی کے میئر وسائل کا رونا رونے کے بجائے ملنے والے وسائل کا جواب دیں، میئر کراچی 76 ارب روپے کا حساب دیں، ہم وسائل کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر چاہتے ہیں۔ سید وسیم حسین نے کہا کہ حیدرآباد والے کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھے آج بھی ساتھ ہیں، یہ افطار ڈنر ہم بہادرآباد والوں نے اس لئے رکھا ہے کہ سب دیکھ لیں کہ عوام اور کارکن کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حیدرآباد والوں پر اعتماد کریں، حیدرآباد والے انہیں مایوس نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 796959
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش