QR CodeQR Code

سیاسی کارکنوں کو اسلام آباد داخلے سے روکنا غیر جمہوری عمل ہے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

29 May 2019 21:25

اپنے ویڈیو بیان میں مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ بدترین ریاستی تشدد نے آمروں کی یاد تازہ کردی ہے اور سلیکٹیڈ وزیراعظم جیالوں کو کمزور نہ سمجھیں، بلاول بھٹو زرداری کے سڑکوں پر نکلنے سے قبل ہی نیازی صاحب پریشان ہوگئے ہیں، نیازی صاحب پریشان نہ ہوں آپ کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا جیالوں کو اسلام آباد داخلے سے روکنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو اسلام آباد داخلے سے روکنا غیر جمہوری عمل ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایسے غیر جمہوری عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ثابت ہوگیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھرنا پارٹی نے آمروں کی یاد تازہ کردی اور ایسے ہتھکنڈوں سے جیالوں اور نہ ہی ان کی قیادت کو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم جان لیں قیادت نے ایک کال دی تو کٹھ پتلی سرکار کا دھڑن تختہ ہوجائے گا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی اسلام آباد میں نہتے جیالے کارکنان پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آمروں کے حواریوں نے پرامن سیاسی کارکنان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کروائی، نیازی صاحب آپ کہیں سے بھی جمہوری لیڈر نہیں ہیں، نہتے جیالوں سے خوفزدہ سلیکٹیڈ حکمران پیپلز پارٹی قیادت کا کیسے سامنا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدترین ریاستی تشدد نے آمروں کی یاد تازہ کردی ہے اور سلیکٹیڈ وزیراعظم جیالوں کو کمزور نہ سمجھیں۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے سڑکوں پر نکلنے سے قبل ہی نیازی صاحب پریشان ہوگئے ہیں، نیازی صاحب پریشان نہ ہوں آپ کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں پرامن مظاہرین روزے دار خواتین پر بیہمانہ تشدد پی ٹی آئی کا انصاف ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کنٹینر دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے اپنا اصل چہرہ دکھا دیا اور پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور تشدد قابل مذمت ہے، کیا مدینے کی ریاست میں ایسا عدل و انصاف ہوگا؟ کیا آپ کا یہی انصاف ہے جس کا ذکر کرتے ہیں؟ خدارا خان صاحب، جیالوں کو اتنی تکلیف نہ پہنچائیں کہ آپ کو بھی اسی قسم کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔


خبر کا کوڈ: 796965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796965/سیاسی-کارکنوں-کو-اسلام-آباد-داخلے-سے-روکنا-غیر-جمہوری-عمل-ہے-بیرسٹر-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org