QR CodeQR Code

تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام حیدرآباد میں مرکزی ریلی قدم گاہ مولا علیؑ تا گل سینٹر نکالی جائیگی

30 May 2019 08:35

حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی القدس کے رہنماؤں نے کہا کہ قبلہ اول سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آزادی کیلئے ہماری تحریک جاری ہے، عالمی یوم القدس منانے کا مقصد فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعتہ الوداع عالم یوم القدس پر تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام حیدرآباد میں آزادی قبلہ اول ریلی نکالی جائیگی، مرکزی ریلی شام ساڑھے چار بجے قدم گاہ مولا علیؑ سے گل سینٹر تک نکالی جائیگی، اس بات کا اعلان تحریک آزادی القدس پاکستان کے رہنماؤں نے حیدرآباد پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا عمران جعفری، آئی ایس او حیدرآباد کے صدر نعیم مصطفیٰ، قیصر رضوی، خاتون رہنما شہناز جعفری و دیگر رہنما موجود تھے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قبلہ اول سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آزادی کیلئے ہماری تحریک جاری ہے، عالمی یوم القدس منانے کا مقصد فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منایا جاتا ہے، اس سال 25 رمضان المبارک جمعتہ الوداع کو بھی مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس منایا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل فلسطینی سرزمین پر قابض ہیں، نہتے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ بیت المقدس سمیت فلسطینی سرزمین پر قبضہ اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اقوام متحدہ امریکا کے سامنے بے بس نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے دل میں خنجر کی مانند ہے، جسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، فلسطین ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم ہو رہے ہیں، جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔


خبر کا کوڈ: 796978

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/796978/تحریک-آزادی-القدس-کے-زیر-اہتمام-حیدرآباد-میں-مرکزی-ریلی-قدم-گاہ-مولا-علی-گل-سینٹر-نکالی-جائیگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org