0
Thursday 30 May 2019 00:18

مزاحمتی بلاک ڈیل آف سنچری کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگا، علامہ ناصر عباس جعفری

مزاحمتی بلاک ڈیل آف سنچری کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سفارتی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اسے چند عرب ممالک ذاتی حیثیت سے طے نہیں کرسکتے۔ صدی کی ڈیل کوئی مزاحتمی تحریک نہیں مانتی، جو بھی ٹرمپ کی ڈیل کو مانے گا، وہ خائن تصور ہوگا، ڈیل آف سینچری مظلوم فلسطینوں کی سرزمین چھینے کا منصوبہ ہے، جسے کچھ ناعاقبت اندیش عرب حکمرانوں کی مدد حاصل ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فلسطین پر صرف فلسطینوں کا حق ہے۔ قدس پر قبضہ کرنے والوں کی کوشش تھی کہ مسئلہ فلسطین کو قصہ پارینہ بنا دیا جائے۔ ہم نے اس مسئلے کو فراموش نہیں ہونے دینا۔ سچ یہ ہے کہ صدر ٹرمپ ایک احمق شخص ہے جو گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہا ہے۔ ڈیل آف سینچری کے ذریعے اسرائیلی کو جغرافیائی اعتبار سے توسیع دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ اس وقت مزاحمتی بلاک پہلے سے بہت زیادہ طاقتور ہے، جسے استکباری قوتیں شکست نہیں دے سکتیں، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل سخت خوفزدہ ہے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قائد اعظم کے فرمودات کو پیش نظر رکھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ قائد اعِظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ اسرائیل تمام مسائل کی جڑ ہے۔ ہم نے فلسطین کے مسلمانوں کی بھرپور حمایت جاری رکھنی ہے۔ انقلاب اسلامی آیا تو امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ نے اسرائیل کا سفارتخانہ بند کرکے یاسر عرفات کو عمارت دے دی، تاکہ فلسطین کا سفارتخانہ کھولا جائے۔ فلسطین کے ایشو کو دفن ہونے نہیں دیں گے۔ پاک سرزمین پر جمعہ کے روز القدس ریلیاں نکلیں گی اور مظلوموں کی حمایت کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے شرکائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ روح اللہ امام خمینی نے مسئلہ قدس کو کرپٹ حکمرانوں سے نکال کر عوام کے ہاتھ میں دیا۔ ایک ریاست ہے، وہ ہے فلسطین، جس کا دارلحکومت بیت المقدس ہے، اسرائیل صرف قابض ہے اور ہم ہرگز اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 796982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش