0
Thursday 30 May 2019 12:47

مودی ایجنڈہ جنوبی ایشیاء کے امن کو تہہ و بالا کر دے گا، راجہ فاروق

مودی ایجنڈہ جنوبی ایشیاء کے امن کو تہہ و بالا کر دے گا، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مودی ایجنڈہ جنوبی ایشیاء کے امن کو تہہ و بالا کر دے گا۔ بھارت کشمیر کے متعلق زمینی حقائق سے نظریں چرانے کے بجائے ان کا سامنا کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مذاکرات کرے۔ بھارت کی پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے لاتعلق کرنے اور کشمیر کی آبادی کے تناسب بدلنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ مودی ایجنڈے سے پورا خطہ متاثر ہو گا اس لئے بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کی حساس صورتحال کا نوٹس لے جو جنوبی ایشیاء کا حساس ترین مسئلہ ہے۔ رمضان المبارک میں بھی کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مطالم جاری ہیں جس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بہادر کشمیریوں نے بھارتی فوج کے خلاف جو تاریخی مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہے اس کی نظیر برصغیر کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار چئیرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری شہیدوں کی گراں قدر قربانیوں کے باعث جدوجہد کشمیر انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے جس کی طرف دنیا توجہ دینے لگی ہے۔ انہوں نے کہا یورپی پارلیمینٹ کے ساتھ ساتھ برطانوی پارلیمینٹ میں کشمیر پر بحث اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کہ رپورٹ نے بھارتی فوج کے مظالم کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ انتخابات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کی تمام کوششوں کے باوجود جس بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل سے اظہار لاتعلقی کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے بھارتی قابض فوج کی طرف سے رمضان کے ماہ مقدس میں وسیع پیمانے پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پلوامہ، شوپیاں اور ترال کے نوجوانوں کی بہادری، جرات اور استقلال پر انہیں سلام پیش کیا۔

انہوں نے پچھلے چند روز کے دوران بھارتی فوج کی طرف سے اسلام آباد، بانڈی پورہ، اور رام بن کے علاقے میں کشمیری نوجوانوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاریوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں امن اور عالمی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ملکوں کے درمیان متنازعہ کشمیر کے مسئلہ کو حل کرائے تاکہ خطہ کو کسی بھی ممکنہ حادثے یا تباہی سے بچایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 797030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش