0
Friday 31 May 2019 00:40
صدی کی ڈیل کی آڑ میں فلسطینیوں سے خیانت کرنے والے حکمران ہوش کے ناخن لیں

یوم القدس جہاں فلسطینیوں کی حمایت کا دن ہے وہیں مسلمانوں کے مابین اتحاد کا بھی دن ہے، ایم ڈبلیو ایم

صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطینوں کی بچی ہوئی زمین بھی ہتھیانے کی سازش کی گئی ہے
یوم القدس جہاں فلسطینیوں کی حمایت کا دن ہے وہیں مسلمانوں کے مابین اتحاد کا بھی دن ہے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے آزادی القدس کانفرنس کا انعقاد کراچی کے مقامی ہال میں کیا گیا۔ القدس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، میجر (ر) قمر عباس، جماعت اسلامی کے رہنماء اسد اللہ بھٹو، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی، مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، سید علی حسین نقوی، یعقوب حسینی، مولانا صادق جعفری، مولانا عبد اللہ جوناگڑھی اور دیگر رہنماء شریک تھے۔ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ امام خمینی نے کہا تھا کہ جمعۃ الوداع یوم القدس، یوم اللہ، یوم رسول اللہ اور یوم اسلام ہے، پوری دنیا کے مسلمان رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس مناکر مسلم امہ کے مابین وحدت و یکجہتی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کرتے ہیں، یوم القدس جہاں فلسطینی مظلوموں کی حمایت کا دن ہے وہاں مسلمانوں کے مابین وحدت اور اتحاد کا دن بھی ہے۔ علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں بالخصوص شیطان بزرگ امریکہ صدی کی ڈیل نامی معاہدے کے تحت عرب حکمرانوں کے ساتھ مل کر فلسطین کا سودا کرنے پر تلا ہوا ہے، عرب دنیا کے خائن حکمران فلسطین کے مظلوموں کی مدد کرنے کی بجائے دنیا کے سب سے بڑے شیطان امریکہ کی کاسہ لیسی میں مصروف ہیں جو عنقریب ان کے لئے ایک بڑی مصیبت ثابت ہوگا۔

القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جو مظالم جاری ہیں ان پر بات کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کے مظالم انتہائی افسوس ناک ہیں، امریکی صدر نے فلسطین کو صہیونیوں کی جاگیر بنانے کی ٹھان رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان واضح اور ٹھوس موقف کے ساتھ تسلسل کے ساتھ فلسطین کاز کی حمایت کرتی رہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریہ اور ایک کلمہ ہے، پاکستان کا اول و آخر اسلام ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانانِ عالم کا قبلہ اول ہے اور فلسطین کا ابدی و تاریخی دارلحکومت تھا، ہے اور رہے گا۔ اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ القدس سے متعلق کسی بھی قسم کی تقسیم کو قبول نہیں کیا جائے گا اور فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کا واحد راستہ اسلامی مزاحمت میں ہی ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ اس سال بھی رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور ملک بھر کی طرح سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں سمیت کانفرنسز اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کے عوام یوم القدس کے اجتماعات میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ شریک ہوں۔

بزرگ شیعہ عالم دین علامہ مرزا یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صیہونی گماشتے اب فلسطین کے بعد اپنی نظریں کعبہ پر قبضہ کے لئے جمائے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ظالم کو ظالم نہیں سمجھا جاتا اور نہ مظلوم کو مظلوم نہیں سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعۃ الوداع یعنی 31 مئی کو پاکستان بھر میں ہونے والے یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں اور اس دن کو اس کے مذہبی عقیدہ اور جوش و خروش کے ساتھ زندہ کیا جائے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس منانے کی اہمیت گذشتہ سالوں کی نسبت کہیں زیادہ ہوگئی ہے کیونکہ عالمی استعمار امریکا نے اپنی ناجائز اولاد اسرائیل اور چند خائن عرب حکمرانوں کے ساتھ مل کر صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطینوں کی رہی سہی اور بچی ہوئی زمین کو بھی ہتھیانے کی سازش مکمل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیل کے نتیجہ میں امریکہ چاہتا ہے کہ پورے خطے پر صہیونی بالادستی قائم ہوجائے اور مسئلہ فلسطین ہمیشہ ہمیشہ کے لئے امریکی خواہشات اور صہیونی من مانی کے مطابق ختم کردیا جائے۔ قاسم شمسی نے کہا کہ اس نازک وقت میں جب عالمی سامراج فلسطینوں کے مزید حقوق سلب کرنے کی جدوجہد کررہا ہے، ہمارا یوم القدس کو عظیم الشان طریقہ سے مناکر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا انتہائی ضروری اور واجب ہوگیا ہے، ہم دنیا بالخصوص امریکا و اسرائیل کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں ہم کسی بھی قیمت فلسطین کے مسئلے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
خبر کا کوڈ : 797147
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش