QR CodeQR Code

لاہور میں یوم القدس کی ریلی، فضا مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے گونج اٹھی

امریکی امن منصوبہ کو ماننے والا امت مسلمہ کا خائن ہوگا، علامہ عبدالخالق اسدی

احمق ٹرمپ گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہا ہے، ریلی سے مقررین کا خطاب

31 May 2019 19:18

مال روڈ پر تحریک آزادی قدس کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے غیور عوام نے شدید گرمی میں روزے کی حالت میں بھی اپنے بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکل کر امام خمینی کے حکم پر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ حق کیساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف مظالم رکوانے کیلئے امت مسلمہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ہم فلسطین، یمن، کشمیر سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی اور مددگار رہیں گے اور دشمن کی شکست تک میدان میں استقامت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم القدس منایا گیا۔ لاہور میں بھی تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیراہتمام اسلامپورہ سے پنجاب اسمبلی ہال تک القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر تہوری حیدری، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سربراہ علامہ خالق اسدی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ مبارک موسوی، علامہ ابوذر مہدوی، آئی ایس او لاہور کے ڈویژنل صدر علی رضا نے کی۔ ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی (نیازی)، تحریک منہاج القرآن، امامیہ آرگنائزیشن، جامعہ المنتظر، تحریک انصاف، جمعیت اہلحدیث پنجاب، ادارہ التنزیل، پاکستان عوامی تحریک، علمائے مدارس جعفریہ کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی و امریکی پرچم مال روڈ پر بچھائے گئے تھے۔ جن کو شرکائے ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار نفرت کرتے رہے۔

ریلی کے شرکا امریکہ و  اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس اور حزب اللہ کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا مسلسل مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق مرکزی صدر تہور حیدری نے کہا حکومت پاکستان سفارتی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اسے چند عرب ممالک ذاتی حیثیت سے طے نہیں کر سکتے۔ صدی کی ڈیل کو کوئی بھی مزاحتمی تحریک نہیں مانتی جو بھی ٹرمپ کی ڈیل کو مانے گا وہ خائن تصور ہوگا، ڈیل آف سینچری مظلوم فلسطینوں کی سرزمین چھینے کا منصوبہ ہے، جسے کچھ ناعاقبت اندیش عرب حکمرانوں کی مدد حاصل ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سچ یہ ہے کہ صدر ٹرمپ ایک احمق شخص ہے جو گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہا ہے۔ ڈیل آف سینچری کے ذریعے اسرائیلی کو جغرافیائی اعتبار سے توسیع دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام نے شدید گرمی میں روزے کی حالت میں بھی اپنے بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکل کر امام خمینی کے حکم پر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ حق کیساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف مظالم رکوانے کیلئے امت مسلمہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ہم فلسطین، یمن، کشمیر سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی اور مددگار رہیں گے اور دشمن کی شکست تک میدان میں استقامت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔ کشمیر پر بھارتی تسلط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی کشمیر میں قتل عام بند کرنا ہوگا کیوں کہ کشمیر پر بھارتی تسلط غاصبانہ ہے جس سے جلد چھٹکارا پا کر کشمیری مسلمان فتح حاصل کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ فلسطینیوں کی آزادی بہت قریب ہے، وہ جلد ہی آزادی کا سورج دیکھیں گے۔

ریلی کے اختتام پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام مسلم ممالک مسئلہ قدس کو حل کروانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ فلسطین پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 797273

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/797273/امریکی-امن-منصوبہ-کو-ماننے-والا-امت-مسلمہ-کا-خائن-ہوگا-علامہ-عبدالخالق-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org