QR CodeQR Code

ڈیل آف دی سینچری کے عنوان سے اس صدی کا سب سے بڑا فراڈ کیا جارہا ہے

فلسطین اور بیت المقدس پر سودے بازی قابل قبول نہیں، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، علامہ باقر زیدی

31 May 2019 22:57

یوم القدس کے موقع پر اپنے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بیت المقدس یعنی مقبوضہ یروشلم کو آزاد و خود مختار ریاست فلسطین کا دارالحکومت بنائے بغیر اور پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین واپسی کا حق دیئے بغیر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا ممکن نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے قبلہ اوّل بیت المقدس اور ارض مقدس فلسطین کی مناسبت سے جمعہ الوداع کو آج ملک بھر میں فلسطین کی مکمل آزادی کی حمایت میں اور مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے قدس ریلیاں نکالی گئیں۔ یوم القدس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر میں آزادی القدس ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ بیت المقدس سمیت فلسطین کی ایک انچ زمین پر بھی نسل پرست غاصب اسرائیل کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔ علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کے فلسطین پر ناجائز قبضے کو جائز قرار دینے کی نیت سے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مزید پامالی کے لئے ڈیل آف دی سینچری کے عنوان سے اس صدی کا سب سے بڑا فراڈ کیا جارہا ہے، البتہ مسلمان اور عرب عوام اس کو مسترد کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس پر سودے بازی قابل قبول نہیں ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، غیر فلسطینی نسل پرست زایونسٹ قابضین کا فلسطین پر کوئی حق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونی قابضین کو ان ممالک میں واپس جانا ہوگا کہ جہاں سے انہیں لاکر فلسطین پر قبضے کے لئے آباد کیا گیا تھا، جبکہ وہ فلسطینی جنہیں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور کردیا گیا ہے ان کو ان کے اصل وطن فلسطین میں لاکر آباد کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس یعنی مقبوضہ یروشلم کو آزاد و خود مختار ریاست فلسطین کا دارالحکومت بنائے بغیر، پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین واپسی کا حق دیئے بغیر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا ممکن نہیں ہے، اگر فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق سے انکار کیا گیا تو پھر آزادی فلسطین کے لئے مسلح مزاحمتی تحریک کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک بھر کی طرح سند ھ کے مختلف اضلاع میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے جس سے سکھر میں چودری اظہر، خیرپور میں آغا منور جعفری، رانی پور میں مولانا احمد علی، ٹھری میں مولا نبی بخش، شکارپور میں فدا عباس، کنب میں مولانا نقی، جیکب آباد میں مولانا سیف علی، کشمور میں میر فائق، لاڑکانہ میں مولانا محمد علی، شھداکوٹ میں سید علی اکبر، نواب شاہ میں مولانا سجاد، مٹیاری میں مولانا دوست علی، ٹنڈو الہ یار میں غلام رسول، ماتلی میں یعقوب حسینی، بدین میں مولانا سید نادر، سجاول میں مظفر لغاری، ٹھٹہ میں ڈاکٹر عبدالحسن، ٹنڈو محمد خان میں مولانا محمد بخش، عمرکوٹ میں راجا اسد، تھر میں امیر سلطان، سانگھر میں کریم بخش، نوشہرہ میں اسد علی، جامشورو میں سید غلام شاہ، دادو میں اصغر حسین اور گھوٹکی میں مولانا معشوق قمی و دیگر نے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 797310

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/797310/فلسطین-اور-بیت-المقدس-پر-سودے-بازی-قابل-قبول-نہیں-فلسطینیوں-کا-ہے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org