0
Saturday 1 Jun 2019 20:24

موجودہ نظام ناکام ہوچکا، عمران خان اس نظام کی آخری امید تھے، وہ بھی ناکام ہوگئے ہیں، مصطفیٰ کمال

موجودہ نظام ناکام ہوچکا، عمران خان اس نظام کی آخری امید تھے، وہ بھی ناکام ہوگئے ہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان کے غریب عوام پر ڈال رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویداروں نے گذشتہ نوماہ میں اس ریاست کو ظلم کی ریاست بنا دیا ہے، وزیراعظم سمیت حکومتی معاشی ٹیم کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا کوئی فارمولا یا تدبیر نہیں ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پیس کررکھ دیا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے عمران خان کی حکومت نے اب تک 30 لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کردیا ہے، عوام تیزی سے غربت کی لکیر سے نیچے گر رہے ہیں، اگلے چند ماہ میں 90 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے ہونگے، تبدیلی کے خواب مہنگائی کے عذاب میں تبدیل ہو چکے ہیں، غربت نہیں غریبوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، سفید پوش متوسط طبقے کا عزت سے جینا دشوار کر دیا گیا ہے، ملک کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے، عمران خان اس نظام کی آخری امید تھے اور وہ بھی ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نا تجربہ کاری اور نااہلی کے سبب معیشت اور ملک کے ساتھ تجربات کر رہی ہے جس کا ملک و قوم کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی پیٹرولیم مصوعات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء میں عوام کو ریلیف دینے کے بلند وبانگ دعوے کئے تھے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پہ اضافہ کی پالیسی نے عوام کو حکومت کی جانب سے مکمل طور پر مایوس کردیا ہے اور مہنگائی کے مارے عوام کیلئے اب دو وقت کی روٹی کا حصول تک مشکل بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر کے عوام کو اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپنی نااہلی  کو چھپانے کے لئے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال کر عوام کو مزید پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار کررہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی پالیسی اختیار کرکے حکومت عوام کو عملی طور پر ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 797449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش