QR CodeQR Code

مہاجر مسائل کا حل صرف اور صرف مہاجر صوبہ ہے، اس سے کم پر بات نہیں ہوگی، ڈاکٹر سلیم حیدر

1 Jun 2019 20:34

افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم آئی ٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے 30 سال کے دوران ایک بھی مہاجر مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ مہاجر مسائل میں اور زیادہ اضافہ ہوا اور اب تو مہاجروں کے ساتھ سندھ میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جانے لگا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدرنے کہا ہے کہ عید کے بعد سندھ کے مہاجروں کو منظم کرنے اور مہاجر حقوق کے حصول کی جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا، مہاجر اب مزید ظلم و زیادتی برداشت نہیں کریں گے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں میں مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہیں اور کچھ مہاجر نادان اُن کیلئے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ وہ گلشن اقبال اور فیڈرل بی ایریا میں افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ بدقسمتی سے 30 سال کے دوران ایک بھی مہاجر مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ مہاجر مسائل میں اور زیادہ اضافہ ہوا  اور اب تو مہاجروں کے ساتھ سندھ میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جانے لگا ہے، اس وقت مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، جہاں صوبائی اور وفاقی حکومتیں قومیتوں کے نام پر مہاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر مسائل کا حل صرف اور صرف مہاجر صوبہ ہے، اس سے کم پر مہاجر مسائل حل نہیں ہوسکتے، جب بھی کبھی مہاجر اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں تو مخالف قوتیں ایک طرف تو مہاجروں کی کردار کشی اور دوسری جانب مہاجر جدوجہد ہی کو غلط قرار دینے کیلئے اٹھ کھڑی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں اسی طرح کے حقوق چاہتے ہیں جس طرح دیگر قومیتوں کو حاصل ہیں، اسی طرح اپنے صوبے کی بات کرتے ہیں جس طرح سرائیکی پنجاب میں صوبے کی بات کررہے ہیں، خود وزیراعظم اُن کے ساتھ بیٹھ کر معاہدے کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 797451

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/797451/مہاجر-مسائل-کا-حل-صرف-اور-صوبہ-ہے-اس-سے-کم-پر-بات-نہیں-ہوگی-ڈاکٹر-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org