0
Saturday 1 Jun 2019 21:38

پولیو مہم میں پولیس کی عدم دلچسپی، صوبائی ٹاسک فورس کا آئی جی کے نام خط

پولیو مہم میں پولیس کی عدم دلچسپی، صوبائی ٹاسک فورس کا آئی جی کے نام خط
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں انسداد پولیو مہم میں پولیس کی عدم دلچسپی پر صوبائی ٹاسک فورس نے پولیس سربراہ کو خط لکھا ہے، جس میں انہیں تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ خط میں پولیس سے تعاون کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم میں پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں سمیت 62 افراد قتل ہوئے، تاہم اس کے باوجود جمعہ کے روز صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں پولیس افسران نے شرکت نہیں کی۔ یہ اجلاس 23 مئی کو منعقد ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر 30 مئی کو منعقد کیا گیا۔ سینئر حکام کے مطابق اجلاس میں تبدیلی کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود بھی اجلاس میں پولیس کی نمائندگی نہیں تھی، حالانکہ آئی جی خیبرپختونخوا اس ٹاسک فورس کا اہم حصہ ہیں۔ اجلاس میں پولیس افسران کی عدم شرکت کے علاوہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلعی صحت افسران کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ ضلعی صحت افسران اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوئے ہیں۔ اجلاس کے موقع پر ضلعی صحت افسران کو ہدایت کی گئی کہ اگلی مہم میں اپنی کارکردگی یقینی بنائیں۔ صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں کی شمولیت پر زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2019 کے پہلے 5 ماہ کے دوران ملک بھر سے پولیو کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 14 خیبرپختونخوا سے جبکہ سندھ اور پنجاب سے 3، 3 کیسز شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 797466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش