0
Sunday 2 Jun 2019 22:42

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ بجٹ سے پہلے شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ بجٹ سے پہلے شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔  پاکستان تحریک انصاف نے سندھ بجٹ سے پہلے شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاپا پھپو اور پپو کی پارٹی سندھ کی سب سے بڑی دشمن ہے، کچھ دنوں سے اٹھارویں ترمیم اور صدارتی نظام کی بے بنیاد باتیں کی جارہی ہیں، اس سازش کے پیچھے ایک سائیں ہیں جس کا نام نامراد ہے، سندھ حکومت نفرتوں کا جال پھیلا رہی ہے، کارکردگی کی بات نہیں کرتی، سندھ حکومت نے جو پیسے خود جمع کرنے تھے وہ چالیس فی صد کم جمع ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ کے سالانہ بجٹ میں سندھ حکومت نے آٹھ ارب کی اسکیم 36 ارب کی کردی، بلاول زرداری جواب دیں کہ کیا 11 سال میں آپ کے لوگوں نے حکومت کرنی نہیں سیکھی؟ کے فور (K4) منصوبے کا کل تخمینہ 25 ارب روپے تھا جس میں سے طے شدہ نکات پر وفاق نے نصف کے وعدے کے مطابق اب تک 12 ارب روپے دے دیئے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے اپنے حصے کی نصف رقم اس منصوبے پر نہیں دی، منصوبہ پورا ہونے کی مدت تین سال تھی، لوگ پانی کے مسئلے پر تنگ آئے ہوئے ہیں، خان صاحب کو اس شہر نے منتخب کیا تھا یہ شہر پانی لے کر رہے گا، کراچی بغیر پانی کے جی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو آج تک اس عوام کی عزت کرنی نہیں آئی، پیر سائیں صاحب صوبہ چلانے کے لئے حکمت عملی چاہیئے ہوتی ہے، اپنے حصے کے پیسے کیوں نہیں خرچ کرتے، یہ کراچی کی نہیں پوری سندھ کی اسکیمیں ہیں، کل 14 اسکیمیں ہیں جس میں سے آٹھ اسکیمیں ایسی ہیں جس پر صفر خرچ ہوا ہے، ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانسزٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی دیکھ لیں، گرین لائن اور اورنج لائن ساتھ شروع ہوئیں گرین لائن کا اسٹرکچر مکمل اورنج لائن کا اسٹرکچر نامکمل، بلو لائن تو لگتا ہے بحرہ ارب پر جاکر ڈوب گئی، حکومت سندھ جواب دو بلو لائن کہاں ہے، ریڈ لائن کی رپورٹ 2010ء میں تشکیل ہوئی تھی اس پر کام شروع نہیں ہوا، پرپل لائن کاغز پر بھی نظر نہیں آتی، یلو لائن بھی نظر نہیں آتی 2010ء کی اسکیمیں زمین پر شروع نہیں ہوئیں، سندھ حکومت اسلام آباد کے خلاف احتجاج کریں مگر یہ خیال رکھیں کہ آپ کے گھر میں غربت، بھوک و افلاس کا ماتم ہے، اس سال 66 ملین کے پراجیکٹ بجٹ میں شامل کئے گئے، اپنا شیئر دینے کے باوجود اپنی مرکزی حکومت سے ڈیمانڈ کرتا ہوں این ایف سی ایوارڈ کو پی ایف سی سے منسوب کردیں، کراچی کے لئے پی ایف سی اتنا ہی اہم ہے جتنا سندھ کے لئے این ایف سی پرونشل فنانس کمیٹی پورے سندھ کے لئے بہت ضروری ہے، پی ٹی آئی سندھ حکومت پر شیڈو بجٹ لا رہی ہے، 12 جون کو بلال غفار شیڈو بجٹ پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 797619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش