QR CodeQR Code

صوبہ بنانے کا نعرہ ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لئے لگاتی ہے، سعید غنی

2 Jun 2019 22:50

چوہدری اسلم کے گھر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کو غدار نہیں کہا، تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما محب وطن ہیں، ایک مخصوص سوچ اقتدار میں آئے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے لگتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، صوبہ بنانے کا نعرہ ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لئے لگاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری اسلم کے گھر جاکر ان کے بھائی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار درج ہے، صوبے کا مطالبہ ایم کیو ایم کا حق ہے، صوبے کی خواہش ہے تو صوبائی اسمبلی میں قرارداد تو لائیں، صوبائی اسمبلی موجود ہے اگر اتنی ہمت ہے تو نئے صوبے کا معاملہ وہاں لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لئے ایسے نعرے لگاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کو غدار نہیں کہا، تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما محب وطن ہیں، ایک مخصوص سوچ اقتدار میں آئے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے بہترین ججز میں سے ایک ہیں، انہوں نے اپنے فیصلوں کے ذریعے یہ مقام بنایا ہے، بلاول پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، جن ایشوز پر لوگ بات نہیں کرتے بلاول کھل کر بات کرتے ہیں، بلاول ان ایشوز پر بات کرتے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بحران کا شکار ہے، بلاول بھٹو تمام معاملات پر کھل کر بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم بتائیں گے اپوزیشن کیا ہوتی ہے، عالمی یا ملکی امور پر بلاول بھٹو بلا جھجک بات کر رہے ہیں، جن کو میڈیا پر آواز نہیں مل رہی بلاول بھٹو ان کی آواز بنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں، پیپلز پارٹی کارکنوں کی قربانیوں سے آج بھی زندہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 797623

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/797623/صوبہ-بنانے-کا-نعرہ-ایم-کیو-سیاسی-دباؤ-سے-نکلنے-کے-لئے-لگاتی-ہے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org