0
Monday 3 Jun 2019 14:35

راولپنڈی گینگ ریپ کیس میں نامزد تینوں پولیس اہلکار نوکری سے برطرف

راولپنڈی گینگ ریپ کیس میں نامزد تینوں پولیس اہلکار نوکری سے برطرف
اسلام ٹائمز۔ گینگ ریپ کیس میں مبینہ طور پر ملوث تینوں پولیس اہلکاروں کو ان کی نوکریوں سے برطرف کردیا گیا اس کے ساتھ متاثرہ خاتون سے چھینی گئی رقم بھی ملزمان سے برآمد کرلی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سردار رائے مظہر اقبال نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ فرانزیک لیبارٹری سے اب تک ڈی این اے کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی تاہم متاثرہ خاتون اور ملزمان سے لئے گئے تمام نمونے ٹیسٹنگ کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کو پولیس سکیورٹی کی پیشکش اور دارلامان میں منتقل ہونے کا اختیار دیا گیا تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے رپورٹ موصول ہونے کے بعد پولیس قانون کے مطابق عملدرآمد کرے گی، اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تینوں گرفتار اہلکاروں کو پولیس کی نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں رواں ہفتے کے اوائل میں متاثرہ خاتون نے اپنے اولین بیان سے انحراف کرلیا تھا جو انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروایا تھا اور الزام لگایا تھا کہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد نے ان کا ریپ کیا۔

انہوں نے علاقہ میجسٹریٹ سمیرا عالمگیر کو بتایا کہ وہ ایک نیا بیان ریکارڈ کروانا چاہتی ہیں کیوںکہ گذشتہ بیان انہوں نے دباؤ میں ریکارڈ کروایا تھا۔ ایس پی پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کی شکایت سننے کے فوراً بعد چاروں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور انہوں نے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں 24 مئی کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس میں انہوں نے ملزمان کو شناخت بھی کرلیا تھا۔ دوسرے بیان میں انہوں نے علاقہ مجسٹریٹ کو بتایا کہ ان پر عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے کے لئے میڈیا اور ایک غیر سرکاری تنظیم کا دباؤ تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے اولین بیان کی منسوخی اور نیا بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست بھی کی جو انہوں نے کہا کہ میری مرضی کے مطابق ہوگا۔ تاہم مجسٹریٹ نے ان کی یہ استدعا مسترد کر دی اور کہا کہ ان کا پہلا بیان ان کی اپنی مرضی پر بغیر کسی کے دباؤ میں ریکارڈ کیا گیا تھا اور اب وہ نیا بیان ریکارڈ نہیں کروا سکتیں۔ چاروں ملزمان کو مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا لیکن مجسٹریٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے 11 جون تک جیل بھیج دیا۔ خاتون کے ساتھ یہ واقعہ 15 اور 16 مئی کی درمیانی رات کو اس وقت پیش آیا جب وہ 15 اور 16 مئی کی درمیانی رات کو بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں سحری کے لئے گئیں تھیں۔ ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ انہیں 4 افراد نے اغوا کر کے ریپ کا نشانہ بنایا جس میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 797681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش