0
Tuesday 4 Jun 2019 09:10
ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشتگردوں کا ساتھی قرار دیتا ہے

ماڈل ٹاؤن سانحہ رانا ثناء اللہ اینڈ کمپنی کا سیاہ کارنامہ ہے، صمصام بخاری

ماڈل ٹاؤن سانحہ رانا ثناء اللہ اینڈ کمپنی کا سیاہ کارنامہ ہے، صمصام بخاری
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا کام صرف تنقید کرنا ہے، وہ اس قابل نہیں کہ انہیں سنجیدہ لیا جائے، ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشتگردوں کا ساتھی قرار دیتا ہے، رانا ثناء اللہ شہباز شریف کے منظور نظر اور جرائم میں ان کے ساتھی رہے ہیں، ہر درد دل رکھنے والا آدمی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے ہمدردی کرے گا۔ ادارہ منہاج القرآن مرکز میں شہر اعتکاف کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید صمصام علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، ماڈل ٹاؤن سانحہ رانا ثناء اللہ اینڈ کمپنی کا سیاہ کارنامہ ہے، جس کی پچھلے برسوں میں کوئی مثال نہیں ملتی، رانا ثناء اللہ نے اپنے دور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جن متاثرین کو ناجائز گرفتار کیا، وہ آج بھی جیلیں بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے صرف کام کر رہی ہے، شو بازیاں نہیں کر رہی، نعیم الحق کے کہنے پر زرتاج گل کے سفارشی خط کی واپسی کے بعد پی ٹی آئی حکومت پر تنقید بند ہونی چاہیئے، پی ٹی آئی حکومت نے اقرباء پروری کیخلاف اپنے منشور کی پابندی کی، جس کی تعریف کی جانی چاہیئے، میڈیا کو ہماری قائم کردہ مثال کا ماضی کے ادوار سے بھی موازنہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے ہسپتال میں جاں بحق ہونیوالے بچوں کی صحیح تعداد 3 ہے، تاہم اس امر کی تحقیق کر رہے ہیں کہ ان کی اموات کی وجہ میڈیکل تھی یا واقعی اے سی خراب ہونے کی وجہ سے وہ فوت ہوئے۔؟ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کینسر سے متاثرہ فنکارہ ہیر سنگھار سمیت مستحق فنکاروں کیلئے امدادی رقوم کے چیک جاری کر دیئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بعد ازاں منہاج القرآن مرکز میں بسائے گئے شہر اعتکاف کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن مرکز اپنے شرکاء کی تعلیم و تربیت پر جو خصوصی توجہ دیتا ہے، اس کے مثبت اثرات شرکاء اعتکاف کے اختتام پر اپنے گھروں میں بھی جا کر بانٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بچوں کی تعلیم پر تو پوری توجہ دی جاتی ہے، مگر تربیت نظرانداز ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے مسلمانوں کو زندگی کے معاملات اور حلال حرام کی تمیز کے حوالے سے جو تربیت دی ہے، وہ ان کو دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تک پہنچنے کا براہ راست طریقہ یہی ہے کہ ہم اللہ کے نبیﷺ کے قدم تھام لیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس ادارے سے ان کی دلی عقیدت ہے، وہ ہر سال ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب کی محبت میں یہاں ضرور آتے ہیں، تاکہ اس عظیم مذہبی و روحانی اجتماع کے فیوض و برکات میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
خبر کا کوڈ : 797821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش