0
Tuesday 4 Jun 2019 12:49

خیبر پختونخوا کے بعض شہروں میں 28 روزوں کے بعد عید الفطر

خیبر پختونخوا کے بعض شہروں میں 28 روزوں کے بعد عید الفطر
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ کئی شہروں میں 29 جبکہ بیشتر شہروں میں صرف 28 روزوں کے بعد عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے، ساتھ میں یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ ایک روزہ عید الفطر کے بعد کوئی دن منتخب کرکے رکھا جائے گا۔ صوبہ بھر میں جگہ جگہ نماز کے اجتماعات ادا کئے گئے۔ خیبر پختونخوا میں ملک کے باقی علاقہ جات سے ایک دن پہلے عید کر دی گئی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان بھی کیا گیا، پشاور میں عید گاہ چارسدہ روڈ اور مسجد مہابت خان میں بڑے اجتماع ہوئے، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے بھی فرض ادا کر لیا۔ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی نماز عید کی ادائیگی کی گئی۔ ملک کی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شمالی وزیرستان سمیت قبائلی اضلاع میں بھی بڑے اجتماعات ہوئے، پارا چنار کے شہریوں نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا۔ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے عوام نے خیبر پختونخوا حکومت کے اعلان کو مسترد کر دیا، لوگوں نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا۔ ٹانک میں بھی آج انتیسواں روزہ رکھا گیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تقسیم دیکھی گئی، پولیس لائن میں نماز عید ادا کی گئی، جبکہ کئی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عید الفطر آج منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں روح پرور اجتماعات ہوئے، یورپ اور امریکا میں بھی ہرطرف عید کی خوشیوں کے رنگ بکھر گئے۔ سعودی عرب سمیت خلجی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش وخروش کےساتھ منائی جارہی ہے۔ عید کی نماز کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہوئے۔ جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عیدالفطر ہے۔ جبکہ امریکہ اور متعدد یورپی اور افریقی ممالک میں میٹھی عید کی خوشیاں سمیٹی جارہی ہیں۔ کینیڈا کے مسلمان بھی آج عید منا رہے ہیں جہاں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ انگلینڈ میں بھی رواں سال دو عید یں منائی جا رہی ہیں۔ جاپان، ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ میں عید کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا آج روزہ ہوگا اور عید الفطر کل بروز بدھ منائی جائے گی۔ بھارت، بنگلادیش اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی عید کل ہی منائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 797870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش