0
Tuesday 4 Jun 2019 14:07

سوڈان، حکومت مخالف مظہروں میں 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی

سوڈان، حکومت مخالف مظہروں میں 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ افریقہ کے مسلمان ملک سوڈان میں حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سوڈان میں فوجی حکومت کے خلاف سول نافرمانی شدت اختیار کر گئی۔ دارالحکومت خرطوم میں سیکیورٹی فورسز نے وزارت دفاع کے باہر ایمرجنسی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے احتجاجی دھرنے کے مقام پر لگے خیموں کو آگ لگا دی اور مظاہرین پر بدترین لاٹھی چارج بھی کیا۔ سیکیورٹی فورسز کے تشدد کے بعد مظاہرین شہر بھر میں پھیل گئے اور اہم شاہراہوں کو ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا۔

اقوام متحدہ نے سوڈان میں مظاہرین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اور 35 افراد کی ہلاکت کی سخت مذمت کی جبکہ خرطوم میں عام قتل عام پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ امریکہ، جرمنی، ترکی، برطانیہ، یورپی یونین اور قطر سمیت کئی ممالک نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے مظاہرین کے خلاف کارروائیوں سے احتجاج کے مزید پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا۔ واضح رہے کہ اپریل میں سابق سوڈانی صدر عمر حسن البشیر کی معزولی کے بعد سے شہر میں مظاہروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا سلسلہ جاری ہے تاہم مظاہرین پر تشدد کا یہ بدترین واقعہ ہے۔ فوج نے سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کو ان کے 2 بھائیوں عبداللہ اور عباس سمیت گرفتار کر رکھا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 797877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش