QR CodeQR Code

فلسطین میں 24 سال بعد سعودی عرب سے مختلف دن پر عید منائی جا رہی ہے

5 Jun 2019 11:15

اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بعض فلسطینی شہریوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شاید امریکا کی جانب سے اسرائیل فلسطین امن منصوبہ پیش کرنے سے پہلے سیاسی تناظر میں لیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں چاند دیکھنے میں تضادات کی وجہ سے 1994ء کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب سے مختلف دن پر عید مناائی جا رہی ہے۔ خبر رساں ادارے ' اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بعض فلسطینی شہریوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شاید امریکا کی جانب سے اسرائیل فلسطین امن منصوبہ پیش کرنے سے پہلے سیاسی تناظر میں لیا گیا ہے۔ فلسطینی حکام کی جانب سے عیدالفطر سے متعلق اس دعوے کو مسترد کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب سوشل میڈیا پر فلسطین میں سعودی عرب سے مختلف دن پر عید منانے پر مذاق بھی اڑایا گیا۔ یروشلم اور دیگر فلسطینی علاقوں کے مفتی نے سرکاری میڈیا پر پیر (3 جون) کو تصدیق کی تھی کہ شوال کا چاندد نظر نہیں آیا اور عید 5 جون (آج) منائی جائے گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں عیدالفطر کل منائی گئی تھی جبکہ ایران میں آج منائی جارہی ہے۔ یروشلم میں سپریم اسلامک کونسل کے سربراہ عکرمہ صابری نے کہا کہ 1994ء میں فلسطینی اتھارٹی کے قیام کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سعودی عرب سے مختلف دن پر عید منائی جارہی ہے۔ انہوں نے مذکورہ فرق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ' فلسطین میں ہمارے پاس سعودی عرب جیسے آلات موجود نہیں اور ہمارے ملک کی جغرافیائی صورتحال کی وجہ سے چاند دیکھنے میں مدد نہیں ملتی۔ عکرمہ صابری نے سیاسی مسائل کے دعوے کو مسترد کیا اور کہا کہ سعودی عرب کے قریبی اتحادی ملک مصر میں بھی آج عید منائی جائے گی۔


خیال رہے کہ فلسطین کی جانب سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اسرائیل کی حمایت کا الزام عائد کیا جا رہا ہے اور وہ امریکا کے امن منصوبے کو بلاک کرنا چاہ رہے ہیں۔ سعودی عرب مذکورہ مسئلے پر بحرین میں 26-25 جون کو امریکا کی جانب سے منعقد کردہ اقتصادی کانفرنس میں شرکت کرے گا لیکن فلسطین نے کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور دیگر عرب ممالک سے بھی یہی اصرار کیا ہے۔ بعض فلسطینی شہریوں نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے شبہ ظاہر کیا کہ علیحدہ عید منانے کا فیصلہ ایک پیغام تھا۔


خبر کا کوڈ: 798007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798007/فلسطین-میں-24-سال-بعد-سعودی-عرب-سے-مختلف-دن-پر-عید-منائی-جا-رہی-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org