QR CodeQR Code

لاہور میں کھلونا اسلحے کی بھرمار، بچوں میں شدت پسندی بڑھنے کا خدشہ

5 Jun 2019 19:54

ماہرین نفسیات کے مطابق اس طرز عمل سے بچوں میں اسلحہ کی جانب رغبت پیدا ہو گی جس سے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگا جبکہ کسی کو بھی گولی مار دینا ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔ ماہرین نفسیات نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں کھلونا اسلحے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کھلونا اسلحے کی بھرمار، بچوں میں شدت پسندی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق آج عیدالفطر کے موقع پر لاہور کے تمام بازاروں میں بچوں کیلئے کھلونا اسلحہ کے بھر مار دیکھی گئی۔ بازار میں فروخت ہونے والا اسلحہ بالکل اصلی اسلحہ کی مانند چلتا ہے جبکہ اس میں گولی کی جگہ پلاسٹک کے چھرے استعمال ہوتے ہیں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق بچوں کے مختلف خطرناک ہتھیار نما کھلونے کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتے ہیں، بچے کھلونا پستول، بندوق میں دلچسپی لے رہے ہیں، لیزر کھلونا بندوق، چھرے والی پستول انتہائی خطرناک ہیں، بچے ایک دوسرے پر یہ چھرے فائر کرتے ہیں جس سے انکی آنکھیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں کھلونوں کی دکانوں اور جگہ جگہ لگے سٹالز پر کئی اقسام کے کھلونا پستول، بندوقیں، لائٹس والی اور چھرے والی چھوٹی اور بڑی بندوقیں فروخت کی جا رہی ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اسلحہ کھلونے کی خرید و فروخت کیخلاف کارروائی بھی نہیں کی جا رہی، اس سے یہ نقصان ہے کہ بچوں میں شدت پسندی کا عنصر بڑھ رہا ہے، بچے ایک دوسرے کیساتھ اس طرح کھیل رہے ہیں جیسے وہ دو مخالف دھڑے ہوں اور اندھا دھند فائرنگ کر رہے ہوں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق اس طرز عمل سے بچوں میں اسلحہ کی جانب رغبت پیدا ہو گی جس سے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگا جبکہ کسی کو بھی گولی مار دینا ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔ ماہرین نفسیات نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں کھلونا اسلحے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 798035

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798035/لاہور-میں-کھلونا-اسلحے-کی-بھرمار-بچوں-شدت-پسندی-بڑھنے-کا-خدشہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org