0
Monday 10 Jun 2019 22:26

وزیرستان میں پاک فوج پر حملوں میں پی ٹی ایم ملوث ہے، سنی اتحاد کونسل

وزیرستان میں پاک فوج پر حملوں میں پی ٹی ایم ملوث ہے، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیرستان میں پاک فوج پر حملوں میں پی ٹی ایم ملوث ہے، پی ٹی ایم کو بھارت اور افغانستان کی پشت پناہی حاصل ہے، پوری قوم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے، ملک اس وقت کسی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکومت اور اپوزیشن جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ سیاسی عدم استحکام معاشی بحران کو سنگین بنا سکتا ہے۔ حکومت عوام دوست بجٹ پیش کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سیاسی راہنماوں کی پکڑ دھکڑ سے ملک میں انتشار اور فساد پیدا ہو گا، حکومت سیاسی انتقام کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے۔ پاک فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کر کے ایثار کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ ملک کو بدترین معاشی بحران سے نکالنے کیلئے تمام سرکاری اداروں اور وزراء کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہو گی۔ حکومتی اخراجات کم کر کے قومی وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں حکام کی بجائے عوام کا خیال رکھا جائے۔ بڑے سرکاری افسروں کی تنخواہیں کم کر کے چھوٹے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، حکومت نئے ٹیکس لگانے سے گریز کرے، تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، نیا بجٹ حکومت کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 798105
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش