0
Friday 7 Jun 2019 10:23

امریکی مالیاتی نظام خطرناک ہوتا نظر آرہا ہے اور تجارتی تنازعات کے باعث سرمایہ کار پریشان ہیں، آئی ایم ایف

امریکی مالیاتی نظام خطرناک ہوتا نظر آرہا ہے اور تجارتی تنازعات کے باعث سرمایہ کار پریشان ہیں، آئی ایم ایف
اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے امریکا کو معیشت کے لیے خطرہ بننے ولالے تجارتی تنازعات اور مالیاتی مارکیٹ میں مندی کے رجحان سے خبردار کردیا۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے امریکا کی پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امریکی معیشت رواں برس 2.6 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ اپریل میں آئی ایم ایف نے شرح نمو میں 2.3 فیصد اضافے کی پیش گوئی تھی جس میں مالیاتی مارکیٹ کی آسان شرائط کی وجہ سے تیزی کا رجحان رہا۔ آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ امریکی مالیاتی نظام خطرناک ہوتا نظر آرہا ہے اور تجارتی تنازعات کے باعث سرمایہ کار پریشان ہیں، اس وجہ سے مالی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے چیف برائے امریکا نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ وہ خطرہ ہے جس کی وجہ سے ہم امریکی معیشت کے لیے انتہائی تشویش کا شکار ہیں۔ اپنی رپورٹ میں آئی ایم ایف نے محصولات میں اضافہ کرکے عالمی تجارتی تعلقات متاثر کرنے کی کوششوں پر تنقید کی۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ امریکا کو خاص طور پر چین کے ساتھ تجارتی تنازع حل کرنے کی ضرورت ہے، اس تنازع سے عالمی معیشت کو خطرہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر اربوں ڈالر کے ٹیرف عائد کردیے ہیں اور گزشتہ ہفتے میکسیکو کو امریکا آنے والی غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کریک ڈاؤن نہ کرنے کی صورت میں تمام درآمد پر ٹیرف میں اضافے کی دھمکی دی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ درآمدات پر ٹیرف میں اضافے اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے دیگر اقدامات عالمی تجارتی نظام کو کمزور کررہے ہیں۔ آئی ایم آیف نے یہ بھی کہا کہ امریکی فنانشل ریگولیٹرز مالیاتی نظام میں بڑھتے ہوئے خطرات کے خاتمے کے لیے کام نہیں کررہے، جس کی وجہ سے امریکی معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اپریل میں اسٹینڈرڈ اور پور 500 انڈیکس میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا لیکن گزشتہ ماہ میں اس میں 4 فیصد کمی آئی کیونکہ تجارتی تنازعات کے باعث سرمایہ کار پریشان ہیں اور عالمی معیشت کی صورتحال امریکا کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ اس ماحول کی غیر متوقع تبدیلی سے کارپوریٹ بیلنس، سرمایہ کاری اور ملازمت کے مواقع میں مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 798184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش