QR CodeQR Code

گلگت سکردو روڈ کے متاثرین کا دھرنا، زمینوں کے معاوضے کم دینے کیخلاف شدید احتجاج

7 Jun 2019 16:16

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما محمد اقبال دلبر نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ نے روندو اور دوسرے علاقوں کیلئے الگ الگ قانون بنا رکھا ہے، معاوضوں پر نظر ثانی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت سکردو روڈ کے متاثرین نے زمینوں کے معاوضے کم دینے کیخلاف روندو میں شاہراہ پر دھرنا دیا اور شدید احتجاج کیا۔ معاوضے کم دینے کیخلاف عوام کی کثیر تعداد نے روندو ڈمبوداس بازار میں گلگت سکردو روڈ پر دھرنا دیا اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید احتجاج کیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما محمد اقبال دلبر نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ نے روندو اور دوسرے علاقوں کیلئے الگ الگ قانون بنا رکھا ہے، شاہراہ کی زد میں ہماری قابل کاشت زمینیں، دکانیں اور مکانات کے ساتھ اپنے آباو اجدا کی قبریں بھی آ رہی ہیں، یہ شاہراہ روندو کا سینہ چیر کر بنائی جا رہی ہے لیکن روڈ متاثرین کو انتہائی کم معاوضے دیئے جا رہے ہیں، یہ ناانصافی نہیں چلے گی، انہوں نے کہا کہ فورس کمانڈر اس خطے کے ساتھ خصوصی لگائو رکھتے ہیں پھر بھی روندو کے عوام کے ساتھ دہرا معیار کیوں ہے؟ جب تک وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور فورس کمانڈر کے بااختیار نمائندے نہیں آتے ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔ معاوضوں پر نظر ثانی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 798250

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798250/گلگت-سکردو-روڈ-کے-متاثرین-کا-دھرنا-زمینوں-معاوضے-کم-دینے-کیخلاف-شدید-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org