0
Friday 7 Jun 2019 22:30

دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی، شمالی وزیرستان میں دھماکہ، پاک فوج کے 3 افسران اور ایک لانس حوالدار شہید

دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی، شمالی وزیرستان میں دھماکہ، پاک فوج کے 3 افسران اور ایک لانس حوالدار شہید
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جہاں دھماکے کے نتیجے میں 3 افسران اور ایک لانس حوالدار سمیت 4 عہدیدار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خڑ کمر میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں فوجی گاڑی نشانہ بنی، جس سے شہادتیں ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید افسران میں گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے علاقے کریم آباد سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کراچی سے تعلق رکھنے والے میجر معیز مقصود بیگ، خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عارف اللہ اور پنجاب کے علاقے چکوال سے تعلق رکھنے والے لانس حوالدار ظہیر شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ وہی جگہ ہے، جہاں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا تھا اور چند سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران اس واقعے کے شہداء سمیت سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار شہید اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے خڑکمر میں دہشت گردوں کے نصب بم کردہ بم کے دھماکے سے 3 افسران اور ایک سپاہی کی شہادت کا سن کر گہرا دکھ ہوا۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ وزیراعظم نے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے سپاہیوں کی قربانیوں اور بہادری پر ان کو سلیوٹ کرتا ہوں اور پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔
خبر کا کوڈ : 798298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش