0
Saturday 8 Jun 2019 07:41

کشمیری عوام متحدہ لائحہ عمل اپنائے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

کشمیری عوام متحدہ لائحہ عمل اپنائے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہمارے رشتوں کی بنیاد دفعہ 370 اور 35 اے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شرائط کے تحت جموں و کشمیر کے پشتینی باشندوں کے علاوہ یہاں کوئی بھی زمین خرید نہیں سکتا، یہاں کی سرکاری نوکریاں، وظائف اور اسکالر شپ صرف مقامی اُمیدوار ہی حاصل کرسکتے ہیں اور یہاں کی دانشگاہوں، یونیورسٹیوں اور کالجوں میں صرف یہاں کے طلباء و طالبات ہی داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر ان دفعات کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑچھاڑ کی گئی تو نہ صرف باہری ریاستوں میں لوگ یہاں زمین خرید سکتے ہیں بلکہ یہاں نوکریاں حاصل کرنے کے اہل ہوجائیں گے۔

کشمیر کے باہر کے طلباء و طالبات کے لئے یہاں کی یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر دانشگاہوں میں داخلہ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ایسے میں مقامی نوجوانوں کے لئے نہ تو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دستیاب رہیں گے اور نہ ہی نوکریاں حاصل کرنے کے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان دفعات کا دفاع کرنے کے لئے کشمیر کے تینوں خطوں کے لوگوں کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان دفعات کو ختم کرنے کی باتیں کرتے ہیں وہ ملک کی سالمیت اور آزادی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ نئی دہلی میں قائم نئی حکومت کشمیریوں کے ساتھ انصاف کرے گی اور آئین ہند کے تحت کشمیریوں کو حاصل حقوق کی بحالی کے لئے اقدامات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 798326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش