QR CodeQR Code

افغانستان میں امن کیلئے امریکا پڑوسی ممالک کے وسیع تر کردار کا خواہاں

8 Jun 2019 10:47

خیال رہے کہ گزشتہ برس شروع ہونے والے افغان مفاہمتی عمل میں امریکی نمائندہ خصوصی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے 6 ادوار کر چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے اس بات کی جانب اشارہ کیا ہے کہ افغانستان کے لیے امریکی منصوبے میں کابل کے پڑوسی ممالک کے لیے اہم کردار ہے اور بظاہر اسی لیے انہوں نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ زلمے خلیل زاد نے ایک ہفتہ قبل اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور اب وہ امریکی نیٹو اور یورپی یونین کے ساتھ برسلز میں ہونے والی مشاورت مکمل کر چکے اور مزید بات چیت کے لیے دوبارہ جنوبی ایشائی خطے کا دورہ کریں گے۔ اس ضمن میں جمعرات کے روز ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ برسلز میں ہونے والی گفتگو کا محور افغانستان میں امن کی صورت میں جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے پیدا ہونے والے ’اقتصادی مواقع‘ تھا۔

نیٹو اور یورپی یونین کے حکام سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس بات کا اشد احساس ہے کہ امن کو ترجیح کیوں دی جائے اور ہم کس طرح بین الافغان مذاکرات حاصل کر سکیں گے۔ اس سے قبل اسلام آباد کے دورے کے موقع پر انہوں نے اس حوالے سے گفتگو کی تھی کہ ’ پاکستان کس طرح افغان امن عمل کی پیش رفت میں مدد کر سکتا ہے‘۔ امریکی نیم سرکاری نشریاتی ادارے وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق ’امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان، طالبان پر اپنے موقف میں لچک دکھانے کے لیے زور ڈالے۔ زلمے خلیل زاد نے 31 مئی کو مختلف ممالک کے دورے کا آغاز کیا تھا اور اس دوران وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ایک اور دور کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ بھی جائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس شروع ہونے والے افغان مفاہمتی عمل میں امریکی نمائندہ خصوصی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے 6 ادوار کر چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 798338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798338/افغانستان-میں-امن-کیلئے-امریکا-پڑوسی-ممالک-کے-وسیع-تر-کردار-کا-خواہاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org