0
Saturday 8 Jun 2019 12:35
ترجمان نون لیگ کا ایک اور دعویٰ جھوٹا ثابت

شہباز شریف کی پاکستان واپسی پھر ملتوی

ڈاکٹرز نے مزید کئی ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، لیگی ذرائع
شہباز شریف کی پاکستان واپسی پھر ملتوی
اسلام ٹائمز۔ شہباز شریف کی پاکستان واپسی پھر سے ملتوی ہو گئی ہے۔ مقامی میڈیا ادارے نے اپنی رپورٹ میں نون لیگ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو مزید کئی ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، اس لیے وہ پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پاکستان واپسی پھر سے موخر ہوگئی ہے۔ نون لیگ کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مزید کئی ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس لیے شہباز شریف فی الحال پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ اس سے قبل مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ نواز لیگ کے صدر اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف انشاءاللہ اتوار کی صبح 4 بج کر 50 منٹ پر وطن واپس پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اتوار کی علی الصبح لاہور پہنچیں گے۔ انہوں نے اپنے سیاسی حریفوں پر کڑی تنقید بھی کی اور کہا کہ جھوٹے، نالائق اور نااہل مخالفین منفی سیاست کے لئے مصنوعی بیانیے کا سہارا تلاش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو درجن اُدھارے اور جھوٹ بولنے والے ترجمانوں میں سے نصف نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، شہباز شریف کے وطن واپس لوٹنے سے حکومت اور اس کے ترجمان ایک مرتبہ پھر جھوٹے ثابت ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے 25 مئی کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملزم شہباز شریف کے وکلاء سے ان کی عدالت میں پیشی کی حتمی تاریخ مانگ لی تھی۔ جج نے کہا کہ عدالت بہت فراخ دلی سے کیس سن رہی ہے ۔ بیان حلفی دیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے؟ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے کہ طے کیا جائے کہ انکا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے؟ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ وہ کوئی حتمی ٹائم فی الوقت نہیں دے سکتے۔ شہباز شریف کے ٹیسٹ چل رہے ہیں، اگر کورٹ انہیں یہ سہولت دے کہ انکا میڈیکل بورڈ بنا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔ جج نے کہا کہ میں نے 15 دن اسی لیے دیے تھے کہ وہ علاج کروا کر واپس آ جائیں۔ عدالت نے شہبازشریف کی 28 مئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 13 جون کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے۔ اس سے قبل شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کروانے کی خبر بھی سامنے آئی تھی لیکن شہباز شریف اور مسلم لیگ ن نے ان تمام اطلاعات کی تردید کر دی تھی۔ سیاسی تجریہ کاروں کا ماننا ہے کہ شہباز شریف ڈیل کر کے بیرون ملک گئے ہیں۔ چونکہ انہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں نرم رویہ اور بیانیہ اختیار کیا تھا لہٰذا ان کی بآسانی ڈیل ہو گئی اور وہ لندن روانہ ہو گئے جبکہ نواز شریف کو ان کے سخت بیانیے نے دوبارہ جیل پہنچا دیا۔
خبر کا کوڈ : 798363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش