QR CodeQR Code

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے رانا ثناء اللہ کو 2 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

8 Jun 2019 20:08

لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹی خبر پر معافی، اس کی تردید اور ہرجانہ 14 دن کے اندر ادا کیا جائے، اگر دونوں اقدام نہ کیے گئے تو رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کو 2 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لیگل نوٹس 26 مئی کو ان سے متعلق بیانات پر بجھوایا جس میں کہا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان دنیا بھر میں ایک قابل اور ایماندار سیاستدان کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ نوٹس کے مطابق فردوس عاشق 10 سال تک قومی اسمبلی اور پانچ مختلف وزارتوں میں وزیر رہی ہیں اور اس وقت بھی وزیراعظم عمران خان کی بطور معاون خصوصی برائے اطلاعات اہم ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔

 
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی تقریباً 20 سالہ عوامی خدمات ہیں، ان کا تعلق ایک انتہائی معزز گھرانے سے ہے، رانا ثناء اللہ نے ہماری مؤکلہ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔ نوٹس کے مطابق جھوٹے الزامات سے ہماری مؤکلہ کی دل آزاری، شہرت کو نقصان اور ساکھ مجروح ہوئی لہٰذا رانا ثناء اللہ الزامات کی تردید کریں اور معافی مانگیں، معافی کے ساتھ 2 ارب روپے ہرجانہ بھی ادا کریں۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹی خبر پر معافی، اس کی تردید اور ہرجانہ 14 دن کے اندر ادا کیا جائے، اگر دونوں اقدام نہ کیے گئے تو رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 798432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798432/فردوس-عاشق-اعوان-کی-جانب-سے-رانا-ثناء-اللہ-کو-2-ارب-روپے-ہرجانے-کا-نوٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org