QR CodeQR Code

گورنر راج کے بعد کشمیر انتشاری کیفیت میں تبدیل ہوچکا ہے، مظفر شاہ

8 Jun 2019 20:46

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے کہا کہ ایجنٹوں کے ذریعہ کشمیر میں نظام اور تنظیم چلانے کی روایت کشمیر میں کانگریس نے ہی قائم کی ہے اب بی جے پی اس راستے پر گامزن ہورہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ گورنر راج کے نفاد کے بعد کشمیر انتشاری کیفیت میں تبدیل ہوگئی ہے اور خاص کر اس وقت سے صورتحال بدل گئی جب آئینی اور قانونی بل بوتے پر نہیں بلکہ حکمرانی طاقت کے بل بوتے پر فیصلے لینے کے ہتھکنڈے استعمال میں لانے کے منصوبے باندھے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حکمران جماعت بی جے پی کی مشکل یہ ہے کہ اس پارٹی کو کشمیر میں کارکن نہیں مل رہے ہیں بلکہ ایجنٹ ہی مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایجنٹوں کے ذریعہ کشمیر میں نظام اور تنظیم چلانے کی روایت کشمیر میں کانگریس نے ہی قائم کی ہے اب بی جے پی اس راستے پر گامزن ہو رہی ہے۔

عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد نے آج تک کئی رخ اختیار کئے لیکن آج جو کچھ ہو رہا ہے، اس صورتحال نے ریاست کو پیچیدہ صورتحال میں مبتلا کر دیا ہے اور جموں و کشمیر کے حالات کو اِن کی تاریخی اہمیت کو نظرانداز کرتے ہوئے بد سے بدتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کچھ کہا جارہا ہے وہ اکثر لوگوں کے لئے ناقابل فہم بن رہی ہے یہاں تک کہ آئینی اور قانونی قدروں اور لوازمات کے عمل دخل کو ختم کرنے کے آمرانہ سوچ کا مظاہرہ ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 798435

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798435/گورنر-راج-کے-بعد-کشمیر-انتشاری-کیفیت-میں-تبدیل-ہوچکا-ہے-مظفر-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org