0
Saturday 8 Jun 2019 22:13

پونچھ میں بھارت و پاک افواج کے مابین شدید گولہ باری

پونچھ میں بھارت و پاک افواج کے مابین شدید گولہ باری
اسلام ٹائمز۔ لائن آف کنٹرول کے پونچھ میں بھارت و پاک افواج کے مابین شدید گولہ باری کے تازہ واقعات سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور اس بارے میں دونوں ملکوں نے حسب سابقہ ایک دوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارت کے دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو پاکستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال کے پونچھ سیکٹر میں فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی جس سے وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کی۔ فوج نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ انتہائی شدت کے ساتھ جاری رہا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے گولہ باری کے دوران مارٹر شیل داغے گئے اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

جموں میں مقیم بھارت کے دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اِس پار کی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم اس سے فوج کو کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہاکہ ہمارے فوجی جوانوں نے فوری جوابی کارروائی عمل میں لائی اور اسی نوعیت کے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ آخری اطلاع ملنے تک گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ گولہ باری کے دوران زوردار دھماکے سنائی دیئے اور سرحدوں کے نزدیک واقع بستیوں کے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ بھارت نے اس سلسلے میں پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اسلام آباد نے نئی دہلی پر اسی طرح کا جوابی الزام عائد کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 798436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش