QR CodeQR Code

بلتستان میں 500 بیڈ کے ہسپتال کے قیام کی سفارشات وفاق کو بھیج دیں، راجہ جلال

8 Jun 2019 21:22

سکردو میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں، ماضی میں دونوں شعبوں کو نظر انداز کیا گیا اب ایسا نہیں ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا ہے کہ جی بی میں صحت اور تعلیم کے مسائل بڑے سنگین ہیں، ان مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، بلتستان میں 500 بیڈ کے ہسپتال کے قیام کیلئے سفارشات ارسال کر دی گئی ہیں، وفاق سے جلد ہسپتال کی منظوری لیں گے، بڑے ہسپتال کی تعمیر سے علاقے میں عوام کو درپیش مشکلات دور ہونگی، ہم چاہتے ہیں عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات پہنچائی جائیں، ماضی میں دونوں اہم شعبوں کو نظر انداز کیا گیا، اب ایسا نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو حلقہ 2 ضلع بناو تحریک اور سول سوسائٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، سکردو ہسپتال کے مسائل بھی حل کئے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت جی بی کے مسائل کا پائیدار حل چاہتی ہے، اب تمام ڈویژنز اور اضلاع کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا۔ اس تاثر کو ختم کیا جائے گا کہ ترقیاتی فنڈز مخصوص اضلاع اور ڈویژنز میں تقسیم کئے جا رہے ہیں، آئندہ ترقیاتی فنڈز انصاف اور میرٹ پر تقسیم کئے جائیں گے، کسی ضلع یا ڈویژنز کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 798448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798448/بلتستان-میں-500-بیڈ-کے-ہسپتال-قیام-کی-سفارشات-وفاق-کو-بھیج-دیں-راجہ-جلال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org