0
Sunday 9 Jun 2019 21:21

صوبائی انتخابات میں مزید تاخیر سے قبائلیوں کی محرومیاں بڑھیں گی، صدر ٹرائبل یوتھ موومنٹ

صوبائی انتخابات میں مزید تاخیر سے قبائلیوں کی محرومیاں بڑھیں گی، صدر ٹرائبل یوتھ موومنٹ
اسلام ٹائمز۔ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کی تنظیم ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے مرکزی صدر خیال زمان اورکزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں تاخیر کرنا قابل افسوس ہے، حکومت گذشتہ 70 سالوں سے استحصال کے شکار قبائلیوں کی حالت پر رحم کریں۔ خیال زمان اورکزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے انتخابات کو 25 جولائی تک ملتوی کرنا چاہتی ہے، جس سے قبائلی عوام کی احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قبائلی اضلاع میں سال 2013ء سے 2018ء تک کے حالات کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال ہزار درجے بہتر ہیں، اگر ایسے ہی حالات میں حکومت قبائلی اضلاع میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے انتخابات کراسکتی ہے تو صوبائی اسمبلی کے لئے کیوں نہیں؟ جو کہ ممکن بھی ہے۔ خیال زمان نے کہا کہ صوبائی نشستوں کے انتخابات میں حکومت کے تاخیری حربوں کے خلاف بہت جلد نوجوانوں کا ایک اجلاس بلائیں گے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
 
دوسری جانب ٹرائبل یوتھ موومنٹ فی میل ونگ کی جنرل سیکرٹری بشریٰ محسود کا کہنا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش قابل افسوس ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ الیکشن ملتوی کرانے کے بجائے امن و امان کی صورت حال بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کے بعد ضم شدہ اضلاع میں اب ہر صورت میں انتخابات ہونے چاہئیں، لہٰذا حکومت تاخیری حربوں کی بجائے وہاں بروقت الیکشن کرائے، تاکہ وہاں کی عوام کو صوبائی اسمبلی کی نمائندگی ملے اور وہ اپنےعلاقے کے لئے قانون سازی میں حصہ لے سکے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا نے سابقہ فاٹا میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو ملتوی کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن کو سفارش کی گئی ہے کہ ان انتخابات کو 25 جولائی تک ملتوی کر دیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے موقع پر سیاسی نمائندوں پر حملوں کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی حکومت کے مراسلے کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 798582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش