QR CodeQR Code

عوام بےنامی اثاثے 30 جون تک ظاہر کریں پھر موقع نہیں ملے گا، وزیراعظم کا پیغام

10 Jun 2019 10:15

اپنے مختصر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس وہ معلومات ہیں جو پہلے کسی حکومت کے پاس نہیں تھی، اثاثہ ڈکلیئر کرنے کی اسکیم میں سب شرکت کریں، 30 جون تک اپنے اثاثے اور بے نامی بینک اکاؤنٹس ڈکلیئر کریں، بےنامی اثاثے اور اکاؤنٹ ڈکلیئر کرنے کا موقع پھر نہیں ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ عوام بے نامی اثاثے اور اکاؤنٹ 30 جون تک ظاہر کریں پھر موقع نہیں ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام جاری 2 منٹ 20 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی سب سے کم ٹیکس اور سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، ملک کو اوپر اٹھانے کے لیے سب کو ٹیکس دینا چاہیے، ٹیکس نہیں دیں گے تو ہم اوپر نہیں جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سالانہ 4 ہزار ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں، ٹیکس کا نصف قرضوں کی اقساط کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے، باقی کے پیسوں سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہو سکتے، قوم میں جذبہ ہو تو سالانہ 10 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس وہ معلومات ہیں جو پہلے کسی حکومت کے پاس نہیں تھی، اثاثہ ڈکلیئر کرنے کی اسکیم میں سب شرکت کریں، 30 جون تک اپنے اثاثے اور بے نامی بینک اکاؤنٹس ڈکلیئر کریں، بےنامی اثاثے اور اکاؤنٹ ڈکلیئر کرنے کا موقع پھر نہیں ملے گا، اسکیم کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کریں، ٹیکس دیکر ہمیں موقع دیں کہ قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرسکیں۔ پچھلے 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار سے 30 ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے، ماضی میں حکمرانوں نے جو قرض لیے اس کی قسط ادا کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 798634

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798634/عوام-بےنامی-اثاثے-30-جون-تک-ظاہر-کریں-پھر-موقع-نہیں-ملے-گا-وزیراعظم-کا-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org