0
Monday 10 Jun 2019 17:53

آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد، گرفتاری کے آرڈرز جاری

آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد، گرفتاری کے آرڈرز جاری
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کے لئے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ زرداری ہاؤس پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ آصف علی زرداری اور ان کی بہن کورٹ کے فیصلے سے قبل ہی احاطہ عدالت سے چلے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سابق صدر کی گرفتاری کے لئے 2 ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن میں سے ایک زرداری ہاؤس جبکہ ایک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زرداری ہاؤس میں نیب کی ٹیم کو سابق صدر کی گرفتاری میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن اسمبلی شازیہ مری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیب آصف زرداری کو جس طرح ہراساں کررہا ہے، آپ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے منہ بند کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا حکومتی اراکین پر نیب ریفرنسز دائر نہیں ہیں؟ تو پھر ان اراکین کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا؟ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا پیغام سناتے ہوئے کہا کہ جیالے مشتعل نہ ہوں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ نیب کی اس کارروائی سے حکومتی ناکامیاں نہیں چھپ سکتیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدالتی فیصلے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتہ نہیں نیب کو آصف علی زرداری کی گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری باقاعدگی سے نیب میں پیش ہوتے رہے اور وہ نیب کے سوالات کا جواب بھی دیتے رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور کارکنان نے پارٹی کے شریک چیئرمین کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لئے جمع ہونا شروع ہوگئے، جبکہ لاہور میں اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ پی پی پی کے ایک کارکن عزیز الرحمٰن چن نے مظاہروں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرے بھرپور ہوں گے، اس کے لئے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جبکہ مظاہروں کی جگہ پر ذمہ داران کی ڈیوٹیاں بھی لگادی گئی ہیں۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے نیب کے ذریعے آصف زرداری کو گرفتار کروانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ اپنی حکومت کے خاتمے کی بنیاد ہوگی۔
 
خبر کا کوڈ : 798748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش