0
Monday 10 Jun 2019 22:14

حکومت احتساب کو خود مشکوک بنا رہی ہے، کرپشن و لوٹ مار میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے، لیاقت بلوچ

حکومت احتساب کو خود مشکوک بنا رہی ہے، کرپشن و لوٹ مار میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ بحران کی بنیادی وجہ کرپشن اور بدعنوانی ہے، زرداری کے بعد کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث مزید 436 افراد کو بھی فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور باہر کے ممالک میں رکھے 4 سو بلین ڈالر بھی واپس لائے جائیں، جسٹس فائز عیسیٰ ایک بڑے اور باوقار جج ہیں، آپ کے والد نے نہ صرف قیام پاکستان کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا بلکہ وہ بانی پاکستان قائداعظم کے قریبی ساتھی بھی رہے ہیں، وکلاء کو تقسیم ہونے کی بجائے عدلیہ کی آزادی اور آئین و قانون کی بالادستی پر متحد ہونا چاہیئے، جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے 16 مارچ سے کرپشن اور بے روزگاری کے خلاف لاہور سے عوامی مارچ کی تحریک کا آغاز کرے گی، اس موقع پر امیر جماعت سراج الحق نئے مرحلے کا اعلان کریں گے، بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف ملنے کی امید نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بائی پاس چوک خانیوال روڈ پر اسلامی جمیعت طلبہ صوبائی جنوبی پنجاب کے دفتر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنی تحریک میں حکومت پر دباؤ بڑھائے گی کہ سب کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے، انہوں نے کہا کہ زرداری سمیت دیگر کے خلاف عدالت میں کرپشن کے خلاف کیس چل رہے ہیں اور عدالتیں انہیں ضمانتیں دیتی رہی ہیں، جب ضمانت کا فیصلہ تسلیم کیا ہے تو موجودہ فیصلے کو بھی تسلیم کیا جائے، آصف علی زرداری نے اپنے آپ کو قانون کے حوالے کر دیا ہے، اب یہ معاملہ عدالت میں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت احتساب صحیح معنوں میں نہیں ہو رہا ہے، حکومت احتساب کو خود مشکوک بنا رہی ہے، عمران خان نے جس طرح سب کا احتساب کرنے کا جو وعدہ قوم سے کیا ہے کہ کسی کرپٹ سے کوئی رعائت نہیں ہوگی تو کرپشن و لوٹ مار میں ملوث مزید 436 افراد کو بھی گرفتار کیا جائے اور باہر کے ممالک میں رکھے چار سو بلین ڈالر واپس لائے جائیں، میگا سکینڈلز پر ہاتھ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری نے شہریوں کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے، آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط میں بجٹ تیار کیا گیا ہے، پہلے بھی کئی منی بجٹ آئے، جس کی وجہ سے مہنگائی میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا، اب مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے 16مارچ سے کرپشن اور بے روزگاری کے خلاف لاہور سے عوامی مارچ کی تحریک کا آغاز کرے گی، اس موقع پر امیر جماعت سراج الحق نئے مرحلے کا اعلان کریں گے، جماعت اسلامی پوری قوم کے سامنے کھلی کتاب ہے، جس نے ہمیشہ دیانت اور امانت کو فروغ دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ ایک بڑے اور باوقار جج ہیں، آپ کے والد نے نہ صرف قیام پاکستان کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا اور بانی پاکستان قائداعظم کے بھی قریبی ساتھی بھی رہے، آئین و قانون کے مطابق جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس ہی نہیں بنتا، ایسے محسوس ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے کسی دباؤ پر اور صدر نے کسی کے مشورے پر ریفرنس بھیج دیا، چیف جسٹس آف پاکستان نے لندن میں جو بیان دیا ہے، اس اعتبار سے حوصلہ افزا ہے کہ حکومت جج کو نہیں نکال سکتی، سپریم جوڈیشل کونسل میں معاملہ زیربحث ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 798785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش