QR CodeQR Code

آصف زرداری کی گرفتاری ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، مولانا فضل الرحمان

10 Jun 2019 23:43

ڈی جی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نیب مشرف کے زمانے میں سیاسی انتقام کے لیے قائم کیا گیا، ایسی پارٹی سے حکومت کرائی جا رہی ہے، جنہوں نے اپنے صوبے میں نیب کے دفتر کو بند کر دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نیب مشرف کے زمانے میں سیاسی انتقام کے لیے قائم کیا گیا، ایسی پارٹی سے حکومت کرائی جا رہی ہے جنہوں نے اپنے صوبے میں نیب کے دفتر کو بند کر دیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کو ایسے موقع پر گرفتار کرنا کہ جب بجٹ اجلاس پیش ہونے جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، اداروں کے سہارے لے کر ملک پر آمریت مسلط کی گئی، جون کے آخر میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، جس میں تحریک اور حکومت کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا معاملہ صرف ایک پارٹی کا مسئلہ نہیں، صرف وہی پریشان ہیں جنہوں نے یہ ترمیم ایک گھنٹے میں پاس کرائی، دو بیانیے ختم کرکے ایک بیانیہ اپنانا ہوگا اور ملک میں ’نیشنل اکنامک ایکشن پلان‘ بنانا ہوگا، صدارتی نظام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ آئین توڑنے والی بات ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 798800

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798800/ا-صف-زرداری-کی-گرفتاری-ناکام-بجٹ-سے-توجہ-ہٹانے-کوشش-ہے-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org