QR CodeQR Code

مالی، مسلح افراد کے حملے میں 95 افراد جاں بحق

11 Jun 2019 07:42

خیال رہے کہ مالی میں گزشتہ کچھ عرصے سے نسلی فسادات جاری ہیں اور یہ حملہ اس سلسلے کا تازہ واقعہ ہے۔ حملہ آوروں نے گاؤں میں آتے ہی فائرنگ اور آگ لگانا شروع کر دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ افریقی ملک مالی کے وسطی علاقے میں ڈوگان قبیلے کے گاؤں پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 95 افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہو گئے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی سیکورٹی اور دیگر حکام نے ہلاکتوں کے مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈوگان برادری کے گاؤں پر حملہ کیا گیا۔ وسطی ضلع کونڈو کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تاحال 95 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، لاشیں جلی ہوئی ہیں اور ہم دیگر لاپتہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔ جائے وقوع پر موجود ایک سیکورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘ڈوگان برادری کا ایک گاؤں مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘حملہ آوروں نے گاؤں میں آتے ہی فائرنگ اور آگ لگانا شروع کر دیا اور یہ گاؤں تقریباً 300 افراد پر مشتمل تھا’۔ خیال رہے کہ مالی میں گزشتہ کچھ عرصے سے نسلی فسادات جاری ہیں اور یہ حملہ اس سلسلے کا تازہ واقعہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق مالی میں یہ واقعات اس وقت شروع ہوئے جب علاقے میں موجود اکثریتی قبیلہ فولانی گروپ کا بامبارا اور ڈوگان قبیلے کے درمیان تنازع سامنے آیا تھا جہاں ایک مبلغ عمادو کوفا کی سربراہی میں فولانی قبیلے نے انہیں نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا۔ مالی کا فولانی قبیلہ پیول کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جن کا بنیادی پیشہ تجارت اور مویشی پالنا ہے اور اسی طرح بامبارا اور ڈوگان قبیلہ روایتی کسان ہیں۔ مالی کے لیے اقوام متحدہ کے مشن نے 16 مئی کو اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ موپٹی اور سیگو کے وسطی علاقوں میں جنوری 2018ء سے اب تک فولانی قبیلے پر ہونے والے حملوں میں کم ازکم 488 افراد مارے جا چکے ہیں۔ جنوری 2019 میں دونزو شکاری قبیلے پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے فولانی گاؤں میں 37 افراد کا قتل کیا ہے۔

رواں برس مارچ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مالی میں فسادات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مالی میں گزشتہ روز لسانی فسادات میں کم ازکم 134 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بعد ازاں 20 اپریل کو مالی کے وزیر اعظم اور ان کی پوری کابینہ نے ملک میں لسانی فسادات کو روکنے میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ وزیراعظم کے خلاف حکومتی اور اپوزیشن دونوں نے مشترکہ طور پر تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی تھی جو کامیاب ہو گئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 798812

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798812/مالی-مسلح-افراد-کے-حملے-میں-95-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org