QR CodeQR Code

یمن کی طرف سے جارح سعودی عرب کی "ملک خالد" ایئربیس پر متعدد کامیاب ڈرون حملے

11 Jun 2019 12:22

یمنی فوج کے ڈرون ڈیپارٹمنٹ اور عوامی دفاعی کمیٹیوں کی طرف سے جارح ملک سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع "ملک خالد" نامی ایک اہم ایئربیس، جسے یمن پر ہوائی بمباری کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، پر کئی ایک کامیاب ڈرون حملے کئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے ڈرون ڈیپارٹمنٹ اور عوامی دفاعی کمیٹیوں نے منگل کے روز کئی ایک "قاصف K2" ڈرون طیاروں کے ذریعے یمن پر حملہ آور سعودی عرب کے جنوب مغربی سرحدی صوبے "عسیر" کے "خمیس مشیط" نامی علاقے میں کامیاب ہوائی کارروائیاں کی ہیں۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ "خمیس مشیط" کے قریب ہی واقع "ملک خالد" ایئربیس، بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے ان ڈرون طیاروں کے متعدد حملات کا نشانہ بنی۔ دوسری طرف سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل "ترکی المالکی" نے ایک تقریر میں جسے سعودی حکومتی نیوز ایجنسی "واس" نے نشر کیا ہے، دعویٰ کیا ہے کہ سعودی اینٹی ایئرکرافٹس نے سعودی شہر "خمیس مشیط" کی طرف جاتے انصاراللہ یمن کے دو ڈرون طیاروں کو مار گرایا ہے۔ یمن پر حملہ آور عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انصاراللہ یمن کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ غیر فوجی مقامات کو نشانہ بنائے جبکہ ہمیشہ ہی اس کے ڈرون کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے سے پہلے ہی مار گرائے جاتے ہیں۔

کرنل ترکی مالکی کی یہ تقریر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب یمن کی دفاعی کمیٹیاں متعدد "قاصف K2" ڈرون طیاروں کے ذریعے گذشتہ اتوار سے مسلسل ہوائی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں، جن میں سے ایک اہم ہوائی کارروائی سعودی عرب کے "جازان" نامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم ڈرون طیاروں کے ہینگرز پر حملہ ہے، جو یمن پر ڈرون حملوں میں استعمال کئے جاتے تھے۔ واضح رہے کہ "ملک خالد" ایئربیس سعودی عرب کی یمن کے ساتھ مشترکہ سرحد سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ یہ ایئربیس سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں ایئر کمانڈ سنٹر کا کام بھی کرتی ہے اور یہی وہ ایئربیس ہے جسے سعودی فوجی اتحاد ریاض کی سربراہی میں یمنی عوام پر وسیع پیمانے پر ہوائی حملوں کے لئے استعمال کرتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 798905

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/798905/یمن-کی-طرف-سے-جارح-سعودی-عرب-ملک-خالد-ایئربیس-پر-متعدد-کامیاب-ڈرون-حملے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org